ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے کامن ویلتھ اسکالرشپ 2027 کے لیے درخواستوں کی وصولی کا آغاز کر دیا ہے۔
اس اسکالرشپ کے تحت پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والے طلبہ برطانیہ کی یونیورسٹیوں میں بغیر کسی ٹیوشن فیس کے ماسٹرز اور پی ایچ ڈی کی ڈگریاں حاصل کر سکیں گے۔
تعلیمی سال 2027-28 کے لیے یہ اسکالرشپس کامن ویلتھ اسکالرشپ کمیشن (سی ایس سی) کے تعاون سے فراہم کی جا رہی ہیں، جبکہ ایچ ای سی پاکستان کی نامزد کنندہ ایجنسی کے طور پر فرائض انجام دے رہی ہے۔
اسکالرشپ کے تحت طلبہ کی مکمل ٹیوشن فیس، ماہانہ الائونس، پاکستان اور برطانیہ کے درمیان واپسی کا ہوائی جہاز کا ٹکٹ اور دیگر ضروری اخراجات کور کیے جائیں گے۔ ان دیگر اخراجات میں گرم کپڑوں کا الاؤنس، اسٹڈی ٹریول گرانٹ اور پی ایچ ڈی اسکالرز کے لیے تھیسس گرانٹ شامل ہیں۔
لندن سے باہر تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کے لیے ماہانہ وظیفہ 1,347 پاؤنڈز جبکہ لندن میں مقیم طلبہ کے لیے 1,652 پاؤنڈز مقرر کیا گیا ہے۔ تاہم امیدواروں کو موجودہ نرخوں اور مراعات کی تصدیق کے لیے آفیشل رہنمائی دیکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اہلیت کے معیارات کے مطابق درخواست دہندگان کا پاکستانی یا آزاد کشمیر کا شہری ہونا ضروری ہے۔ ماسٹرز کے امیدواروں کے لیے 16 سالہ تعلیم کے ساتھ فرسٹ ڈویژن یا مساوی سی جی پی اے لازمی ہے جبکہ پی ایچ ڈی کے امیدواروں کے لیے مقررہ پوسٹ گریجویٹ اہلیت ہونا ضروری ہے۔
اس کے علاوہ، امیدواروں کا ہائیر ایجوکیشن ایپٹی ٹیوڈ ٹیسٹ (ہیٹ) میں کم از کم 60 نمبر حاصل کرنا لازمی ہے،اور ان کی مجوزہ تحقیق یا تعلیم کا کامن ویلتھ کی ترقیاتی ترجیحات سے ہم آہنگ ہونا ضروری ہے۔
خواہشمند امیدواروں کو ایچ ای سی کے پورٹل scholarship.hec.gov.pk اور کامن ویلتھ اسکالرشپ کمیشن کی آفیشل ویب سائٹ دونوں پر اپلائی کرنا ہو گا۔
یہ بھی پڑھیں : ہنگامہ آرائی اور احتجاجی مظاہروں سے نمٹنے کیلئے خیبرپختونخوا پولیس کوہدایات جاری
امیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی تعلیمی اسناد، شناختی دستاویزات، ریفرینسز اور ریسرچ پروپوزل بروقت تیار رکھیں۔
درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 20 اکتوبر 2026 مقرر کی گئی ہے۔





