قومی اداروں کی بدولت ہی سرحدیں محفوظ ہیں، فضل الرحمان اپنا متنازع بیان فوری واپس لیں، عوام کا سخت ردِعمل

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کی جانب سے پاک فوج اور ملکی سلامتی کے اداروں سے متعلق کی گئی ہرزہ سرائی پر آزاد کشمیر کی سیاسی قیادت اور کاروباری برادری کا شدید غیض و غضب سامنے آیا ہے۔ 

 مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی، استحکام پاکستان پارٹی، بلدیاتی قیادت اور میرپور چیمبر آف کامرس سمیت تمام مکاتب فکر نے فضل الرحمٰن کے بیانات کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پاک فوج اور شہداء کے خلاف ایسی زہر افشانی کشمیریوں اور پاکستانیوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے کے مترادف ہے۔

عوام نے فضل الرحمٰن کے بیان کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج پاکستان کے دفاع اور سلامتی کی ضامن ہے۔

 وطن کی سرحدوں پر دن رات سخت ترین حالات میں پہرہ دینے والے پاک فوج کے بہادر جوانوں کی قربانیوں پر پوری قوم اور کشمیریوں کو بے حد فخر ہے۔

یہ بھی پڑھیں : مقدس ناموں پر سیاسی دکان چمکانے کا دور ختم، خیبر پختونخوا کے عوام نے فضل الرحمٰن کا بیانیہ مسترد کر دیا

مسلم لیگ (ن) کے رہنما چوہدری رخسار نے اپنے شدید ردِعمل میں کہا کہ فضل الرحمٰن کا پاک فوج کے خلاف دیا گیا بیان پاکستان اور آزاد کشمیر کے ہر شہری کے جذبات کو شدید آسیب پہنچانے کے مترادف ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ فضل الرحمٰن کو اپنے اس غیر ذمہ دارانہ اور متنازع بیان کو فوراً واپس لینا چاہیے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما چوہدری شعیب ارشد نے کہا کہ فضل الرحمٰن کی تقریر سن کر شدید تکلیف اور صدمہ پہنچا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ ماضی میں جب بھی بھارت نے دراندازی کی کوشش کی، پاک فوج نے اس کا شاندار اور بھرپور جواب دیا؛ لہٰذا ایسی عظیم اور بہادر فوج پر تنقید کسی صورت ناقابلِ برداشت ہے۔

استحکام پاکستان پارٹی آزاد جموں و کشمیر کے رہنما محمد علی شان سونی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فضل الرحمٰن کا قومی سلامتی کے اداروں اور پاک فوج کے خلاف دیا گیا بیان انتہائی قابلِ مذمت ہے۔

کسی بھی قومی سطح کے سیاستدان کو ایسی باتیں زیب نہیں دیتیں جس سے پوری قوم اور کشمیریوں کے جذبات مجروح ہوں۔

یہ بھی پڑھیں : سہیل آفریدی کی گرفتاری میں کس کا ہاتھ ہے؟ جے یو آئی کے سابق سینیٹر گل نصیب خان کا تہلکہ خیز انکشاف

چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل میرپور راجہ نوید اختر نے کہا کہ پاک فوج ہی کی بدولت آج پاکستان اور آزاد کشمیر کی تمام سرحدیں مکمل طور پر محفوظ ہیں۔

پاک فوج کے جرات مندانہ فیصلوں نے نہ صرف ملک کی حفاظت کی بلکہ بھارت کو عالمی سطح پر ذلیل و رسوا کیا۔ فضل الرحمٰن کا بیان حقیقت سے آنکھیں چرانے کے مترادف ہے۔

میرپور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عمر جرال نے انتہائی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ قومی سلامتی کے اداروں کے خلاف ایسی گھٹیا بیان بازی واضح طور پر غیر ملکی اور ریاست مخالف ایجنڈے کے بیانیے سے مطابقت رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے جوان سرحدوں پر دن رات ہماری حفاظت کرتے ہیں، انہی کی قربانیوں کی بدولت آج پوری قوم سکون کی نیند سوتی ہے۔

Scroll to Top