عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں تین ہفتوں کی کم ترین سطح پر آ گئیں

عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں یکدم گر گئیں

عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں غیر متوقع کمی ریکارڈ کی گئی ہے جس کے نتیجے میں برینٹ خام تیل کے مستقبل کے سودے تقریباً 2.1 فیصد تک گر کر 107.57 ڈالر فی بیرل پر آگئے ہیں۔

 پیر کی صبح کاروبار کے آغاز پر ہی تیل کی قیمتوں میں مندی کا رجحان دیکھنے میں آیا جہاں برینٹ خام تیل کی قیمت سستی ہو کر 107.57 ڈالر پر آ گئی جبکہ امریکی خام تیل (ڈبلیو ٹی آئی) کی قیمت بھی گھٹ کر 99.46 ڈالر فی بیرل کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔

تیل کی عالمی قیمتوں میں یہ اچانک لہر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایک اہم ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کے بعد سامنے آئی ہے۔ اس آرڈر کے تحت روس پر عائد کی جانے والی متعدد مجوزہ پابندیوں کو یکسر ختم کر دیا گیا ہے، جن کا نفاذ آئندہ چند ایام میں متوقع تھا۔

 ان منسوخ شدہ اقدامات میں روسی مصنوعات پر بھاری محصولات اور روسی تیل و گیس خریدار ممالک پر ممکنہ سزاؤں کی شقیں بھی شامل تھیں۔

خام تیل کی قیمتوں میں حالیہ زوال جمعہ کے روز ہونے والے اس نمایاں اضافے کے بعد سامنے آیا ہے جب سیشن کے اختتام پر منڈی میں خام تیل کے نرخ 19 مئی کے بعد کی بلند ترین سطح کو چھو چکے تھے۔

یہ بھی پڑھیں : ایک سیب روزانہ انسان کو کس خطرناک بیماری سے محفوظ رکھتا ہے؟ ماہرین نے بتا دیا

 امریکی انتظامیہ کے اس فیصلے نے عالمی انرجی مارکیٹ پر فوری اثرات مرتب کیے ہیں جس سے انرجی سپلائی پر عائد دباؤ میں کمی دیکھی جا رہی ہے۔

Scroll to Top