اگر آپ کا کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ (CNIC) ایکسپائر ہونے والا ہے اور آپ پریشان ہیں کہ شاید میعاد ختم ہونے کے بعد ہی تجدید ہو سکے گی تو نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے آپ کے لیے ایک بڑی خوشخبری سنا دی ہے۔ نادرا نے تجدید کے عمل کو مزید آسان بناتے ہوئے شہریوں کو بڑی رعایت دے دی ہے۔
ترجمان نادرا سید شباہت علی کے مطابق اب شہریوں کو اپنے شناختی کارڈ کے ایکسپائر ہونے تک انتظار کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔
اگر آپ کے کارڈ کی میعاد ختم ہونے میں ایک یا دو ماہ (یا اس سے زیادہ عرصہ) بھی باقی ہے، تب بھی آپ فوری طور پر تجدید کی درخواست دے سکتے ہیں۔
تجدید کے بعد نادرا کی جانب سے جاری ہونے والے کارڈ کو “نیا شناختی کارڈ” ہی تصور کیا جائے گا، جس کی نئی میعاد ہو گی۔
ترجمان نادرا نے ایک اور اہم نکتے کی وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ جب شہری اپنا نیا فزیکل شناختی کارڈ موصول کر لیں، تو انہیں نادرا کی پاک آئی ڈی ایپ میں موجود اپنے ڈیجیٹل شناختی کارڈ کو بھی اپ ڈیٹ کرنا ہو گا۔
اس کے لیے شہریوں کو درج ذیل آسان اقدامات کرنے ہوں گے:
اپنے موبائل فون میں پاک آئی ڈی ایپ کھولیں۔ ایپ میں موجود ڈیجیٹل کارڈ پر دوبارہ کلک کریں۔ جس کے بعد تازہ ترین شناختی کارڈ، نئی تاریخِ تنسیخ کے ساتھ موبائل میں ڈاؤن لوڈ ہو جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : نادرا کی شہریوں کو بڑی خوشخبری، اب شناختی کارڈ بنے گا آپ کے گھر کی دہلیز پر
اگر آپ ایپ کو صرف ریفریش یا اپ ڈیٹ بھی کریں گےتو اس کے اندر موجود ڈیجیٹل کارڈ بھی نئے فزیکل کارڈ کی تفصیلات کے مطابق خودکار طور پر تبدیل ہو جائے گا۔
نادرا کے اس اقدام سے جہاں شہریوں کو شناختی کارڈ ایکسپائر ہونے کے بعد درپیش ممکنہ مسائل سے نجات ملے گی، وہاں تجدید کا عمل بھی زیادہ منظم اور آسان ہو جائے گا۔





