شہدا کی قربانیوں کا سودا کرنے کی کوشش ناکام! فضل الرحمان کا کھیل بے نقاب!

خیبر پختونخوا میں جاری دہشت گردی کے خلاف اقدامات اور قدرتی وسائل سے متعلق جے یو آئی (ف) کے سربراہ فضل الرحمان کے متنازع بیانات پر حکومت نے سخت ردِعمل کا اظہار کیا ہے۔

وزیر مملکت اور معاون خصوصی حذیفہ رحمان نے فضل الرحمان کی سیاسی ناکامیوں اور غیر ذمہ دارانہ رویے کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے ان کے تمام ادعاؤں کو سچی حقیقت کے سامنے بے نقاب کر دیا ہے۔

حذیفہ رحمان نے کہا کہ فضل الرحمان نے خیبر پختونخوا میں امن و امان کے لیے کی جانے والی کوششوں کو بلاجواز معدنیات کی جنگ قرار دے کر اپنی سیاسی نااہلی اور بے حسی کا ثبوت دیا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ قومی سلامتی کے اہم ترین معاملے اور دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشن کو محض سیاسی مقاصد کے لیے مشکوک اور متنازع بنانا اپنی ناکام سیاست کو چمکانے کی انتہائی مذموم کوشش ہے جو سیکیورٹی فورسز اور شہدا کی عظیم قربانیوں کی توہین کے مترادف ہے۔

وزیر مملکت نے فضل الرحمان کے دوہرے معیار کو بے نقاب کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ فضل الرحمان نے پی ڈی ایم کی تحریک کے دوران جمہوری جدوجہد کے نام پر صرف اپنے ذاتی اور سیاسی مفادات کی پوری قیمت وصول کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اقتدار اور مراعات سے مستفید ہونے کے بعد اب اپنی سیاسی بقا کے لیے ریاست کے اقدامات پر تنقید کرنا ان کی سیاسی بدنیتی اور نالائقی کو ظاہر کرتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : شہریوں نےفضل الرحمان کا خاندانی نظام سیاست بے نقاب کردیا

حذیفہ رحمان نے اپنے بیان میں واضح اور حتمی الفاظ میں کہا کہ ملک میں کوئی بھی فرد یا سیاسی رہنما ریاست اور اس کی سلامتی سے بالا تر نہیں ہو سکتا۔ اپنے ذاتی مفاد اور ناکام سیاسی بیانیے کے لیے شہدا کی پاکیزہ قربانیوں کا سودا کرنا اور دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں کو متنازع بنانا انتہائی افسوسناک ہے۔ حکومت اور ریاست قوم کے امن پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

Scroll to Top