محکمہ موسمیات نے ملک بھر کے موسمی حالات سے متعلق نئی رپورٹ جاری کرتے ہوئے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور بالائی و شمالی اضلاع میں صبح و رات کے اوقات میں سرد رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد، پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم مجموعی طور پر خشک رہے گا، تاہم مری، گلیات، خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں اور بلوچستان کے شمالی اضلاع میں رات اور صبح کے وقت ٹھنڈ میں اضافے کا امکان ہے۔
دوسری جانب سندھ کے بیشتر اضلاع میں دن کے وقت موسم گرم رہے گا جبکہ گلگت بلتستان اور کشمیر میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ ساتھ موسم سرد رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بالائی خیبرپختونخوا، پوٹھوہار اور شمال مشرقی پنجاب میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ریکارڈ کی گئی۔
سب سے زیادہ بارش خیبرپختونخوا کے علاقے مالم جبہ میں 21 اور بالاکوٹ میں 15 ملی میٹر جبکہ مری میں 12 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں : سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریزکیلئےقومی اسکواڈ کا اعلان
رپورٹ کے مطابق ملک میں سب سے زیادہ درجہ حرارت لسبیلہ، تربت، حیدرآباد اور ٹھٹھہ میں 39 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔





