نہار منہ زیتون کا تیل پینے کے کیا فوائد ہیں؟

نئی تحقیق کے مطابق کاربوہائیڈریٹس والی غذا کھانے سے پہلے زیتون کا تیل استعمال کرنے سے خون میں شوگر کی سطح اچانک بڑھنے کے عمل کو سست کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔

طبی جریدے ’ڈائبیٹس‘ میں شائع ہونے والی تحقیق میں سائنس دانوں نے دریافت کیا کہ گلوکوز لینے سے 15 منٹ پہلے زیتون کا تیل استعمال کرنے والے چوہوں میں خون میں شوگر کی سطح نسبتاً کم بڑھی، اس کے علاوہ معدے سے خوراک چھوٹی آنت میں منتقل ہونے کا عمل بھی سست ہوگیا۔

تحقیق کے مطابق زیتون کے تیل کے استعمال سے گلوکاگون، جی آئی پی اور جی ایل پی ون سمیت بعض ہارمونز کی سطح میں بھی تبدیلی دیکھی گئی جو ہاضمے اور خون میں گلوکوز کے جذب ہونے کے عمل پر اثر انداز ہوتے ہیں۔

تحقیق کے مرکزی مصنف اور جاپان کی کیوٹو یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر ڈائسکے یابے کے مطابق غذائی اجزا کے آنتوں تک پہنچنے کی ترتیب ہارمونز اور اعصابی نظام کے درمیان ردعمل پیدا کرسکتی ہے جس سے گلوکوز کے جذب ہونے کی رفتار متاثر ہوتی ہے۔

انسانوں پر کی گئی چند چھوٹی تحقیقات میں بھی ایسے نتائج سامنے آئے ہیں، ٹائپ ٹو ذیابیطس کے چھ مریضوں پر کی گئی ایک تحقیق میں کاربوہائیڈریٹس سے بھرپور غذا سے 30 منٹ پہلے 30 ملی لیٹر زیتون کا تیل استعمال کرنے سے معدے کے خالی ہونے کا عمل سست اور خون میں شوگر بڑھنے کے عمل میں تاخیر دیکھی گئی۔

ماہرین واضح کرتے ہیں کہ دستیاب شواہد محدود ہیں اور زیتون کا تیل نہار منہ پینے کے فوائد ثابت کرنے کے لیے مزید انسانی تحقیقات ضروری ہیں۔

ماہرین کے مطابق صرف غذا کی نوعیت ہی نہیں بلکہ اسے کھانے کی ترتیب بھی خون میں شوگر کی سطح پر اثر انداز ہوسکتی ہے۔

Scroll to Top