لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان جاری سہ ملکی ون ڈے سیریز کے لیے اسپنر سفیان مقیم کو اسکواڈ سے ریلیز کر دیا ہے، جبکہ ان کی جگہ معاذ صداقت کو ٹیم میں شامل کر لیا گیا ہے۔
پی سی بی کے مطابق سفیان مقیم کو ابتدائی طور پر ٹرائی نیشن سیریز کے اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا تھا، تاہم بیماری کے باعث وہ پہلے دونوں میچز میں شرکت نہیں کر سکے۔
بورڈ نے 18 اکتوبر کو تصدیق کی تھی کہ سفیان مقیم اور شاداب خان بیماری کے باعث پہلے میچ کے لیے دستیاب نہیں تھے، جبکہ 20 اکتوبر کو ہونے والے مقابلے میں بھی سفیان ٹیم کا حصہ نہیں بن سکے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ پچز کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے سفیان مقیم کو اسکواڈ سے ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اب وہ ڈومیسٹک کرکٹ میں حصہ لیں گے۔ پی سی بی کے مطابق اسکواڈ کے چند دیگر کھلاڑیوں کو بھی معمولی کھچاؤ کی شکایت ہے۔
سفیان مقیم پاکستان کی جانب سے اب تک 4 ون ڈے انٹرنیشنل اور 22 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیل چکے ہیں۔ وہ مختصر فارمیٹ میں اپنی عمدہ بولنگ کے باعث نمایاں شناخت رکھتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : سہ ملکی سیریز: پاکستان کا انگلینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ
دسمبر 2024 میں زمبابوے کے خلاف ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ میں سفیان مقیم نے غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 3 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کی تھیں، جس کے بعد انہیں خاصی توجہ حاصل ہوئی۔
دوسری جانب سہ ملکی ون ڈے سیریز میں آج پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔ یہ مقابلہ بریسٹ کینسر سے آگاہی مہم کے تحت پنک ڈے سے منسوب کیا گیا ہے، جس کے لیے پاکستانی کھلاڑی گلابی کٹ پہن کر میدان میں اتریں گے۔
پاکستانی ٹیم سیریز میں اب تک ناقابلِ شکست ہے اور اپنے ابتدائی دونوں میچز جیت چکی ہے۔ گرین شرٹس نے پہلے مقابلے میں سری لنکا کو 37 رنز سے شکست دی، جبکہ دوسرے میچ میں انگلینڈ کو 87 رنز سے ہرایا۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان آج کا مقابلہ پاکستانی ٹیم کے لیے اہمیت رکھتا ہے، کیونکہ فتح کی صورت میں گرین شرٹس فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیں گے۔ دوسری جانب انگلینڈ کی ٹیم ایونٹ میں اپنی پوزیشن بہتر بنانے اور کامیابی حاصل کرنے کی کوشش کرے گی۔





