90 روز میں ایک لاکھ الیکٹرک بائیکس فراہم کرنے کا منصوبہ، 80 ہزار روپے سبسڈی کی تجویز

ملک میں الیکٹرک بائیکس کے استعمال کو فروغ دینے کے لیے 90 روز کے اندر ایک لاکھ الیکٹرک بائیکس فراہم کرنے کا منصوبہ تیار کرلیا گیا ہے، جبکہ الیکٹرک بائیک خریدنے والے شہریوں کو 80 ہزار روپے سبسڈی دینے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔

تفصیلات کے مطابق انجینئرنگ ڈیولپمنٹ بورڈ (ای ڈی بی) نے الیکٹرک بائیکس کی تیاری اور فراہمی کے لیے کمپنیوں سے درخواستیں طلب کرلی ہیں۔ منصوبے کے تحت بائیکس کی فراہمی کے لیے 200 بیچز تشکیل دیے جائیں گے، جن میں سے ہر بیچ میں 500 الیکٹرک بائیکس شامل ہوں گی۔

منصوبے کے لیے کمپنیوں کا انتخاب مسابقتی بولی کے ذریعے کیا جائے گا، جبکہ مقامی صنعت کو فروغ دینے اور الیکٹرک بائیکس کی تیاری میں ملکی کمپنیوں کی شمولیت کو بھی اہمیت دی جائے گی۔

ای ڈی بی کے مطابق الیکٹرک بائیکس کی فراہمی کے لیے خواہش مند کمپنیاں اپنی درخواستیں 3 نومبر 2026 کو صبح 11 بجے تک پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی (پی پی آر اے) کے ای پورٹل پر جمع کراسکتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : ٹرائی نیشن ون ڈے سیریز، سفیان مقیم اسکواڈ سے ریلیز، معاذ صداقت شامل

درخواست جمع کرانے کے لیے پانچ ہزار روپے ناقابلِ واپسی فیس مقرر کی گئی ہے۔ بورڈ نے واضح کیا ہے کہ پہلے سے اہل قرار دی گئی کمپنیوں کو دوبارہ درخواست جمع کرانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

منصوبے کے تحت شہریوں کو الیکٹرک بائیکس کی خریداری پر 80 ہزار روپے سبسڈی دینے کی تجویز بھی زیر غور ہے، تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلے اور عمل درآمد کی تفصیلات سامنے آنا باقی ہیں۔

منصوبے کا مقصد ملک میں الیکٹرک بائیکس کے استعمال کو فروغ دینا، مقامی صنعت کی حوصلہ افزائی کرنا اور شہریوں کو متبادل سفری سہولت فراہم کرنا ہے۔

Scroll to Top