راولپنڈی: پاکستان کے سابق آرمی چیف جنرل (ر) عبدالوحید کاکڑ انتقال کر گئے۔ پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق وہ آج راولپنڈی میں وفات پا گئے۔
ان کے انتقال پر چیف آف ڈیفنس فورسز و چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور پاک فوج کے تمام رینکس نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور پاک فوج کے تمام رینکس نے جنرل (ر) عبدالوحید کاکڑ کی نمایاں عسکری خدمات، قائدانہ صلاحیتوں اور پاک فوج کے لیے ان کی گراں قدر خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
بیان کے مطابق پاک فوج اس دکھ کی گھڑی میں مرحوم کے اہلِ خانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے اور ان سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتی ہے۔
آئی ایس پی آر نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگوار خاندان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت اور صبر عطا کرے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری کا اظہارِ افسوس
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بھی سابق آرمی چیف جنرل (ر) عبدالوحید کاکڑ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے، شہداء کا غم ہمارا مشترکہ غم ہے، گورنر فیصل کریم کنڈی
ایوانِ صدر کے میڈیا ونگ کے مطابق صدر زرداری نے مرحوم کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لیے دعائے مغفرت کی۔
صدرِ مملکت نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنی جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور ان کے اہلِ خانہ کو صبرِ جمیل دے۔
جنرل (ر) عبدالوحید کاکڑ کے انتقال پر پاک فوج کی اعلیٰ قیادت اور صدرِ مملکت کی جانب سے اظہارِ افسوس کیا گیا ہے، جبکہ ان کی عسکری خدمات اور قیادت کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا ہے۔





