گورنر خیبرپختونخوا نے اپیکس کمیٹی کا اجلاس آج طلب کرلیا

دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے، شہداء کا غم ہمارا مشترکہ غم ہے، گورنر فیصل کریم کنڈی

پشاور:  خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب اور کاری ضرب لگاتے ہوئے 6 فتنہ الخوارج/دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا ہے۔

 آپریشن کے دوران وطن کے دو بہادر سپوت، نائب حوالدار غلام مرتضیٰ اور سپاہی تاثیر احمد، نے جامِ شہادت نوش کیا۔ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

6 دہشت گرد جہنم واصل، فورسز کا کاری وار

تفصیلات کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے پر شدید حملہ کیا۔ جھڑپ میں فورسز نے اپنی اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6 دہشت گردوں کو موقع پر ہی ڈھیر کر دیا۔

شہداء کی عظمت کو گورنر فیصل کریم کنڈی کا سلام

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے آپریشن کے دوران نائب حوالدار غلام مرتضیٰ اور سپاہی تاثیر احمد کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کی عظیم قربانیاں پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں اور ان کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں : قبضہ مافیا پر بلڈوزرز کی چڑھائی، پشاور میں 450 سے زائد غیر قانونی تعمیرات مسمار، خیبر پختونخوا بھر میں گرینڈ آپریشن شروع

 انہوں نے غمزدہ خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور یقین دہانی کرائی کہ پوری قوم شہداء کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے۔

دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رہے گی

فیصل کریم کنڈی نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ 6 دہشت گردوں کی ہلاکت سیکیورٹی فورسز کے غیر متزلزل عزم کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے تک یہ جنگ بلا تعطل جاری رہے گی۔
گورنر کا کہنا تھا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

Scroll to Top