پشاور: خیبرپختونخوا میں ایم پاکس (منکی پاکس) کے فعال کیسز کی تعداد بڑھ کر 4 ہوگئی ہے، جبکہ رواں سال صوبے میں اس وائرس کے مجموعی تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 18 تک پہنچ گئی ہے۔
محکمہ صحت خیبرپختونخوا کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران ایم پاکس کے 4 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ایم پاکس سے متاثرہ 4 مریض اس وقت اسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں، جبکہ صوبے میں اب تک 18 تصدیق شدہ کیسز میں سے 13 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔
وائرس کے باعث اب تک ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی ہے، تاہم گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایم پاکس سے کوئی نئی ہلاکت سامنے نہیں آئی۔
محکمہ صحت کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق خیبرپختونخوا میں ایم پاکس کا پہلا کیس 9 جنوری 2026 کو رپورٹ ہوا تھا۔ اس کے بعد سے صوبے میں وائرس کے کیسز کی نگرانی جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں : سرکاری کالجز، اسکولوں اور یونیورسٹیوں کے اساتذہ کی نجی اداروں میں ملازمتوں کا ریکارڈ طلب
تازہ رپورٹ میں گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران نئے کیسز سامنے آنے کے بعد فعال مریضوں کی تعداد 4 ہوگئی ہے۔ محکمہ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق اب تک مریضوں کی صحت یابی اور وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کی تفصیلات بھی سامنے آچکی ہیں۔
صوبے میں ایم پاکس کے کیسز میں اضافے کے پیش نظر تازہ صورتحال پر نظر رکھی جا رہی ہے۔ شہریوں کو چاہیے کہ کسی بھی مشتبہ علامات کی صورت میں طبی ماہرین سے رجوع کریں اور صحت سے متعلق مستند معلومات کے لیے محکمہ صحت کی ہدایات پر عمل کریں۔





