خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں، امیدواروں کی سخت جانچ پڑتال کا فیصلہ

پشاور: خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے تیاریاں تیز کر دی گئی ہیں، الیکشن کمیشن کی جانب سے ممکنہ طور پر رواں ہفتے انتخابی شیڈول جاری کیے جانے کا امکان ہے، جبکہ انتخابات سے قبل امیدواروں کی اہلیت کی جانچ پڑتال کا عمل سخت بنانے کی تیاریاں بھی شروع کر دی گئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق ممکنہ بلدیاتی انتخابات میں درجنوں سابق بلدیاتی نمائندوں اور نئے امیدواروں کو نااہلی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

ایسے سابق نمائندے جن کے خلاف مختلف سرکاری محکموں میں تحقیقات جاری ہیں یا انکوائری کے دوران الزامات ثابت ہو چکے ہیں، ان کی انتخابی اہلیت کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ امیدواروں کی جانچ پڑتال کے دوران مختلف مقدمات اور قانونی معاملات کو بھی مدنظر رکھا جائے گا۔ اس سلسلے میں اسلام آباد احتجاج، 9 مئی کے واقعات اور پولیس کی جانب سے سنگین الزامات کا سامنا کرنے والے افراد کے حوالے سے بھی پالیسی مرتب کی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ملک بھر میں سیمنٹ کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ ریکارڈ

اقدامِ قتل سمیت دیگر سنگین مقدمات میں گرفتار ہونے والے یا ضمانت پر رہا افراد کی انتخابی اہلیت کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق صوبے میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے موجودہ انتظامی سیٹ اپ نے ابتدائی انتظامات شروع کر دیے ہیں اور انتخابی عمل کو آگے بڑھانے کے لیے متعلقہ امور پر کام جاری ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابی شیڈول کے باضابطہ اعلان کے بعد انتخابی سرگرمیوں اور امیدواروں کی اہلیت سے متعلق صورتحال مزید واضح ہونے کا امکان ہے۔

Scroll to Top