بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن میں یوم پاکستان کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کے دوران پاکستان کے ناظم الامور سعد احمد وڑائچ نے قومی پرچم لہرایا اور پاکستان کے صدر آصف زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کے پیغامات کو شرکاء کے سامنے پڑھ کر سنایا۔
ناظم الامور نے یوم پاکستان پر اہل پاکستان اور پاکستان سے محبت کرنے والوں کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ لاہور کی تاریخی قرارداد نے برصغیر کے مسلمانوں کے لیے الگ وطن کا راستہ متعین کیا، اور بانیان پاکستان نے ایک ایسی اسلامی فلاحی ریاست کا خواب دیکھا جو انصاف اور مساوات پر مبنی ہو۔
سعد احمد وڑائچ نے قائداعظم محمد علی جناح اور علامہ محمد اقبال کی بصیرت افروز قیادت کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قیام پاکستان سے لے کر آج تک پاکستانی قوم نے ہر محاذ پر اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایٹمی پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے اور ہماری مسلح افواج داخلی اور خارجی خطرات کے خلاف ایک مضبوط ڈھال ہیں۔
ناظم الامور نے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا کہ ملک امن اور بقائے باہمی کے اصولوں پر یقین رکھتا ہے۔ کرتارپور راہداری معاہدے کی تجدید کو پاکستان کی سفارتکاری اور بات چیت سے مسائل کے حل کے عزم کی علامت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ علاقائی امن اور سلامتی کے لیے تعمیری روش ناگزیر ہے۔
یہ بھی پڑھیں خالصتان کے قیام کے لیے 23 مارچ کو امریکہ میں ریفرنڈم، سکھ برادری میں جوش و خروش
انہوں نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے تنازعے کے حل پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل ہونا چاہیے، کیونکہ ضد اور ہٹ دھرمی خطے کے روشن مستقبل کی ضمانت نہیں بن سکتی۔