وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ عوام کو درپیش معاشی مشکلات کا احساس ہے اور آج بھی عوام کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے خوشخبری ملے گی۔
اسلام آباد میں وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئےانہوں نے کہاکہ حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔
وفاقی وزیر پیٹرولیم نے آئندہ سردیوں میں گیس کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے بتایا کہ ملک میں گیس کی ضروریات پوری کرنے کے لیے ایل این جی درآمد کرنے کی کوششیں تیز کر دی گئی ہیں۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ گھریلو صارفین کو کھانا پکانے کے تینوں اوقات میں پائپ لائن کے ذریعے گیس کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔
ملک میں ایل پی جی کی قلت اور گرانفروشی کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مختلف شہروں سے ایل پی جی کی قیمت 700 سے 800 روپے فی کلو تک پہنچنے کی شکایات موصول ہوئی ہیں جبکہ دستیابی میں بھی مشکلات درپیش ہیں۔ اس صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے وزیراعظم کی ہدایت پر گزشتہ چند روز سے متعلقہ شعبوں سے رابطے کیے جا رہے ہیں تاکہ عام شہریوں کی مجبوری سے ناجائز منافع کمانے کا سلسلہ روکا جا سکے۔
علی پرویز ملک نے ایل پی جی کی طلب و رسد کے اعداد و شمار پیش کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان میں ایل پی جی کی مجموعی سالانہ طلب تقریباً 24 لاکھ ٹن ہے، جس کے تحت روزانہ 6 ہزار 500 سے 7 ہزار ٹن گیس درکار ہوتی ہے۔ اس کے مقابلے میں مقامی طور پر تیل و گیس کی تلاش کرنے والی کمپنیوں (ای اینڈ پی) اور ریفائنریوں کے ذریعے صرف 2 ہزار سے 2 ہزار 500 ٹن روزانہ پیداوار حاصل ہوتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : سونے کی قیمتیں مستحکم، چاندی کی قیمت میں کمی
انہوں نے مزید وضاحت کی کہ ماضی میں ایل پی جی کی بڑی مقدار مغربی سرحد کے ذریعے پاکستان پہنچتی تھی، تاہم سرحدی سپلائی متاثر ہونے سے اس شعبے میں عارضی مشکلات پیدا ہوئیں۔ اب باقی ماندہ ملکی ضروریات کو سمندری راستے سے ایل پی جی درآمد کر کے پورا کیا جا رہا ہے تاکہ مارکیٹ میں قیمتوں کا استحکام اور دستیابی یقینی بنائی جا سکے۔





