بلوچستان میں سیکیورٹی فورسزکی موثر کارروائیاں: فتنہ الہندوستان کے 17 دہشت گرد جہنم واصل،ایک جوان شہید

سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے اضلاع خاران اور کچی میں موثر اور ٹارگٹڈ کارروائیاں کرتے ہوئےفتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 17 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کچی کے علاقے سنی میں فورسز نے آپریشن کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان کے 10 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ دوسری جانب ضلع خاران کے علاقے لجے میں سیکیورٹی فورسز کی الگ کارروائی کے دوران 7 دہشت گرد جہنم واصل کیے گئے۔

خاران میں آپریشن کے دوران فورسز کے سپاہی حکمت اللہ نے انتہائی بہادری کے ساتھ دشمن کا مقابلہ کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔

شہید سپاہی حکمت اللہ کی نماز جنازہ کوئٹہ میں ادا کر دی گئی ہے جس میں آئی جی ایف سی بلوچستان (نارتھ) میجر جنرل محمد عاطف مجتبیٰ سمیت اعلیٰ سول و عسکری حکام اور جوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیں : بشیر زیب قریبی ساتھی کے ہاتھوں زہر کا شکار، علاج کیلئے افغانستان سے بھارت متنقلی کی خبریں

نمازِ جنازہ کی ادائیگی کے بعد شہید کا جسد خاکی ان کے آبائی علاقے روانہ کر دیا گیا ہے جہاں انہیں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔

Scroll to Top