عرفان پٹھان کو آئی پی ایل کمنٹری پینل سے نکال دیا گیا، وجوہات سامنے آگئیں

سابق بھارتی آل راؤنڈر عرفان پٹھان اس سال کے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) سیزن کے کمنٹری پینل کا حصہ نہیں ہیں۔

 بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق عرفان پٹھان کو آئی پی ایل 2025 کے کمنٹری پینل میں شامل نہیں کیا گیا ہے، حالانکہ وہ ریٹائرمنٹ کے بعد آئی پی ایل کے کمنٹری پینل کے مستقل رکن بن گئے تھے۔

عرفان پٹھان بھارتی کرکٹ کے سب سے مشہور کمنٹیٹرز میں سے ایک بن چکے تھے، اور کھیل کے دوران ان کی آواز سنی جاتی تھی۔ تاہم اس سال کے آئی پی ایل افتتاحی میچ میں وہ کولکتہ نائٹ رائیڈرز اور رائل چیلنجرز بنگلو کے میچ میں نظر نہیں آئے، جس سے ان کے کمنٹری پینل سے ہٹنے کی خبریں سامنے آئیں۔

ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق عرفان پٹھان کو کمنٹری پینل سے نکالنے کی وجہ یہ ہے کہ براڈکاسٹرز نے سابق بھارتی آل راؤنڈر کی جانب سے ذاتی رنجشوں کو کمنٹری اور سوشل میڈیا پر لانے پر اعتراض کیا تھا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عرفان کا چند کھلاڑیوں کے ساتھ اختلاف کچھ سال پہلے ہوا تھا، اور تب سے انہوں نے کمنٹری اور سوشل میڈیا پر اپنی ناراضگی کا اظہار جارحانہ انداز میں کیا تھا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق عرفان پٹھان پر کھلاڑیوں پر طنز کرنے کا الزام بھی لگایا گیا، اور یہی وجہ بنی کہ انہیں آئی پی ایل کے کمنٹری پینل سے باہر کر دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں ہائیکورٹ کا اعظم سواتی کا نام پی این آئی ایل لسٹ سے نہ نکالنے پر وفاق سے جواب طلب

یہ پہلا موقع نہیں ہے جب کسی کرکٹر کو کمنٹری پینل سے ہٹایا گیا ہو۔ 2020 میں سابق بھارتی بیٹر سنجے منجریکر کو بھی آئی پی ایل کے دوران رویندرا جڈیجہ پر تبصرے کرنے پر بی سی سی آئی نے کمنٹری پینل سے ہٹا دیا تھا۔ اس سے قبل 2016 میں معروف کمنٹیٹر ہرشا بھوگلے کو بھی آئی پی ایل کے کمنٹری پینل میں شامل نہیں کیا گیا تھا.

انہوں نے سوشل میڈیا پر پوسٹ کی تھی کہ مجھے ابھی تک یہ نہیں معلوم کہ میں آئی پی ایل میں کیوں کمنٹری نہیں کر رہا۔ میں یہ قبول کر سکتا ہوں کہ لوگوں کو میری رائے پسند نہیں ہے، لیکن مجھے امید ہے کہ اس کی وجہ کرکٹرز کی شکایات نہیں ہو گی.

Scroll to Top