رونالڈو کا 23 سالہ سفر ختم، تاریخ ساز ریکارڈز جو شاید کوئی نہ توڑ سکے

دنیا کے عظیم ترین فٹبالرز میں شمار ہونے والے کرسٹیانو رونالڈو نے پرتگال کی قومی فٹبال ٹیم سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔

41 سالہ اسٹار فٹبالر نے 23 سال تک پرتگال کی نمائندگی کرنے کے بعد سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو پیغام میں قومی ٹیم کو خیرباد کہنے کا فیصلہ کیا۔

کرسٹیانو رونالڈو نے 2003 میں پرتگال کی جرسی پہن کر بین الاقوامی کیریئر کا آغاز کیا۔ ان کی قیادت میں پرتگال نے 2016 میں یورپی چیمپئن شپ جبکہ 2019 اور 2025 میں یوئیفا نیشنز لیگ کی ٹرافیاں اپنے نام کیں۔

رونالڈو کے دور میں پرتگال نے 2006 سے 2026 تک مسلسل چھ فیفا ورلڈ کپ ٹورنامنٹس کے لیے کوالیفائی کیا، تاہم عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل نہ کرسکا۔

رونالڈو نے پرتگال کی جانب سے 234 بین الاقوامی میچز کھیل کر 146 گول اسکور کیے، جو مردوں کے بین الاقوامی فٹبال میں سب سے زیادہ میچز اور گولز کا عالمی ریکارڈ ہے۔

وہ چھ مختلف ورلڈ کپ ٹورنامنٹس میں گول کرنے والے دنیا کے واحد کھلاڑی بھی ہیں۔ اس کے علاوہ پانچ مرتبہ بیلن ڈی اور کا ایوارڈ جیتنا بھی ان کے شاندار کیریئر کا حصہ ہے۔

پرتگال کی جانب سے سات نمبر کی جرسی پہننے اور سی آر سیون کے نام سے مشہور کرسٹیانو رونالڈو نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ قومی ٹیم کو خیرباد کہنا آسان فیصلہ نہیں تھا، پرتگال ہمیشہ ان کے دل میں رہے گا۔ انہوں نے پرتگال فٹبال فیڈریشن، ساتھی کھلاڑیوں، ٹیم مینجمنٹ اور شائقین کا شکریہ بھی ادا کیا۔

یہ بھی پڑھیں: کرسٹیانو رونالڈو نے ایک اور تاریخی سنگ میل عبور کر لیا

رونالڈو کا کہنا تھا کہ گول بھلا دیے جاتے ہیں، ٹرافیاں میوزیم کا حصہ بن جاتی ہیں اور ریکارڈ ٹوٹ جاتے ہیں، لیکن ایک چیز ہمیشہ برقرار رہتی ہے اور وہ ہے لوگوں کے دلوں میں ہماری جگہ۔

فٹبال کی دنیا میں پرتگال کے کرسٹیانو رونالڈو اور ارجنٹائن کے لیونل میسی کو طویل عرصے تک ایک دوسرے کا سب سے بڑا حریف سمجھا جاتا رہا ہے۔

دونوں لیجنڈری کھلاڑیوں نے فٹبال کی تاریخ میں اپنی غیر معمولی کارکردگی سے نمایاں مقام حاصل کیا، تاہم لیونل میسی کی جانب سے تاحال انٹرنیشنل فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا اعلان نہیں کیا گیا۔

Scroll to Top