تربیلا پنجم توسیعی منصوبے کی سرنگ میں چٹانیں گرنے سے پانی داخل، تمام مزدور محفوظ، مرکزی سرنگ کو نقصان نہیں پہنچا، واپڈا

اسلام آباد: تربیلا پنجم توسیعی پن بجلی منصوبے کی سرنگ کی کھدائی کے دوران کمزور چٹانی حصہ گرنے سے پانی سرنگ اور زیرِ تعمیر پاور ہاؤس کے علاقے میں داخل ہوگیا، تاہم تمام مزدوروں کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا۔

واپڈا کے مطابق 9 نومبر کو دوسرے بینچ کنیکٹنگ ٹنل کی کھدائی کے دوران کمزور چٹانی حصہ منہدم ہوا، جس کے نتیجے میں انٹیک پٹ سے پانی سرنگ اور پاور ہاؤس کے علاقے میں داخل ہوا۔

واپڈا کا کہنا ہے کہ انٹیک پٹ سے پانی مکمل طور پر نکال دیا گیا ہے اور زیریں تعمیراتی مقامات کی جانب مزید پانی داخل نہیں ہو رہا، جبکہ زیرِ تعمیر پاور ہاؤس سے پانی نکالنے کا عمل بھی شروع کردیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : تربیلا ڈیم ٹی فائیو منصوبے میں حادثہ، گارڈر گرنے سے حفاظتی بند ٹوٹ گیا، ٹنل میں پانی داخل

ترجمان واپڈا کے مطابق ادارے کے سینئر افسران، انجینئر اور ٹھیکیدار منصوبے کو درپیش ممکنہ چیلنجز کا جائزہ لے رہے ہیں۔

واپڈا نے سوشل میڈیا پر تربیلا پنجم منصوبے کی مرکزی سرنگ منہدم ہونے سے متعلق گردش کرنے والی اطلاعات کو غلط قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ مرکزی سرنگ، زیرِ تعمیر پاور ہاؤس، ٹیل ریس کلورٹ اور سوئچ یارڈ کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔

واپڈا کے مطابق واقعے میں کسی مزدور کے زخمی یا جاں بحق ہونے کی اطلاع بھی نہیں ہے۔

Scroll to Top