وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ اگر نئے صوبے عوام کی مرضی اور تمام سیاسی جماعتوں کے اتفاق رائے سے بننے ہیں تو یہ بہت اچھی بات ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے گزشتہ روز کے بیان کے بعد نئے صوبوں کے معاملے پر ان کے تحفظات دور ہوگئے ہیں۔
اپنے ایک بیان میں رانا ثنا اللہ نے کہا کہ محسن نقوی نے ایک تقریب میں نئے صوبوں کی بات کرتے ہوئے کچھ ایسی باتیں کہہ دی تھیں جن پر ہمیں اعتراض ہوا تھا، جس پر ہم نے اپنے اعتراضات کا اظہار بھی کیا۔
تاہم رانا ثنا اللہ کے مطابق محسن نقوی نے گزشتہ روز واضح کیا ہے کہ سیاسی جماعتوں کی اپنی اہمیت ہے، صوبے اتفاق رائے سے بنیں گے کسی کو ناراض نہیں کیا جائے گا اور نہ ہی کسی کو باہر رکھا جائے گا؛ اگر عوام چاہیں گے تو صوبے بنیں گے اور اگر نہیں چاہیں گے تو نہیں بنیں گے۔
مشیر وزیراعظم نے مزید کہا کہ جب نئے صوبے عوام کی مرضی اور اتفاق رائے سے بننے ہیں اور تمام سیاسی جماعتوں کو اس عمل میں شامل کیا جائے گا تو اس پر کوئی اعتراض باقی نہیں رہ جاتا۔
انہوں نے کہا کہ یہ اتفاق رائے چاہے 6 ہفتوں، 6 ماہ یا 6 سالوں میں ہو جائے، اس سے بہتر کوئی بات نہیں ہو سکتی۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں ایک سیاسی قیادت ہے اور ایک عسکری قیادت ہے اور دونوں کے درمیان مکمل ہم آہنگی پائی جاتی ہے ۔
یہ بھی پڑھیں : بھارتی ریاست آسام میں خونریز ٹریفک حادثہ، بس اور ٹرک تصادم میں 23 افراد ہلاک،متعدد زخمی!
علاقائی صورتحال اور پاکستان کے کردار پر بات کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں سکیورٹی فراہم کرنے والا ملک ہے اور دیگر ممالک اپنی حفاظت کے لیے پاکستان کے ساتھ معاہدے کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج دنیا پاکستان کو امن کے پاسبان کے طور پر دیکھ رہی ہے۔





