امریکا میں شدید تکنیکی خرابی کے باعث فضائی آپریشن معطل ہو گیا ہے جس کی وجہ سے ہزاروں پروازیں متاثر ہوئی ہیں۔
امریکی ایوی ایشن حکام کے مطابق ملک بھر کے تمام ہوائی اڈوں پر پروازوں کی روانگی عارضی طور پر روک دی گئی ہے جبکہ میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ اس فضائی نظام کی خرابی کے پیچھے کسی سائبر حملے یا تخریب کاری کی تاحال سرکاری تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔
فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) کے مطابق امریکا آنے والی بین الاقوامی پروازوں کا الگ الگ جائزہ لیا جائے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ تکنیکی خرابی کی وجہ سے ریڈار اور ائیر ٹریفک کنٹرول (اے ٹی سی) کی صلاحیت بری طرح متاثر ہوئی ہے۔
امریکی وزیر ٹرانسپورٹ نے بتایا ہے کہ ایف اے اے کے تکنیکی ماہرین خرابی کو دور کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر تحقیقات کر رہے ہیں۔
خبر ایجنسی کے مطابق گراؤنڈ اسٹاپ کب ختم ہوگا اس حوالے سے ایف اے اے کی جانب سے تاحال کوئی وقت نہیں بتایا گیا جبکہ معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ایف بی آئی کی جانب سے بھی الگ سے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ہوم لینڈ سکیورٹی چیف مارک وین مولن نے عوام کو پرسکون رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کو خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے اور صدر ٹرمپ کو موجودہ صورتحال سے مکمل طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے۔
مارک وین مولن کا مزید کہنا تھا کہ تمام پروازوں کا ریکارڈ موجود ہے اور ائیر ٹریفک کنٹرول مراکز میں مواصلاتی خرابی کے باعث مجبوری میں پروازیں روکی گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : نئے صوبے عوامی مرضی اور سیاسی اتفاق رائے سے بننے چاہئیں، مشیر وزیراعظم رانا ثنا اللہ کا بیان
دوسری جانب اس تکنیکی بحران کا اثر دیگر محکموں پر بھی پڑا ہے جہاں امریکی محکمہ موسمیات کو بھی ملک گیر انٹرنیٹ اور مواصلاتی نظام میں خرابی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
اس خرابی کے باعث آن لائن ویب سائٹس پر موسمی معلومات تک رسائی متاثر ہوئی ہے، تاہم امریکی محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ تکنیکی ماہرین خرابی کو دور کرنے کے لیے مسلسل مصروفِ عمل ہیں۔





