آبائی شہر کے باسیوں نے سیاست چمکانے کی ہر کوشش مسترد کر دی، ڈیرہ اسماعیل خان کے عوام نے فضل الرحمان کی احتجاجی سیاست کا مکمل بائیکاٹ کر دیا

ڈیرہ اسماعیل خان:ڈیرہ اسماعیل خان کے شہریوں اور تاجر برادری نے جمیعت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ فضل الرحمان کی جانب سے دی جانے والی احتجاج کی کال کے برعکس اپنے کاروبار اور روزمرہ سرگرمیوں کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، جسے مقامی مبصرین اور شہریوں کی ایک بڑی تعداد نے احتجاجی سیاست سے لاتعلقی قرار دیا ہے۔

 پختون ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے مقامی دکانداروں، تاجروں اور شہریوں نے کہا کہ ضلع بھر میں تمام بازار مکمل طور پر کھلے ہیں، خریداروں کی آمدورفت معمول کے مطابق جاری ہے اور عوام اپنے بچوں کے لیے رزقِ حلال کمانے کو کسی بھی سیاسی احتجاج پر ترجیح دے رہے ہیں۔

مقامی شہریوں اور سماجی حلقوں نے ضلع کی گزشتہ دہائیوں کی سیاسی صورتحال پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان کے عوام نے طویل عرصے تک مختلف سیاسی ادوار دیکھے، جن میں صوبائی سطح پر پاکستان تحریک انصاف کی تیرہ سالہ حکمرانی اور مقامی سطح پر فضل الرحمان اور ان کے خاندان کی سیاست شامل ہے، تاہم شہریوں کے بقول اس تمام عرصے میں علاقے کے بنیادی مسائل، پسماندگی اور بدامنی میں خاطر خواہ کمی نہ آ سکی۔

گفتگو کے دوران شہریوں نے الزام عائد کیا کہ خاندانی سیاست اور مفادات کی وجہ سے ضلع ترقی کی دوڑ میں پیچھے رہ گیا، اور عوام اب کھوکھلے نعروں یا احتجاجی کالز کے ذریعے اپنے کاروبار اور سکون کو داؤ پر لگانے کے لیے تیار نہیں ہیں۔

 شہریوں نے یہ بھی کہا کہ سابق ادوار میں فضل الرحمان کے صاحبزادے اسد محمود اور ان کے بھائیوں کے سیاسی کردار اور ترقیاتی منصوبوں پر مقامی سطح پر کرپشن اور بدانتظامی کے سنگین الزامات عائد کیے جاتے رہے ہیں، جس کے باعث عوامی اعتماد متاثر ہوا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : امن جیت گیا، انتشار ہار گیا، خیبرپختونخوا کے تمام اضلاع میں بازاروں کی رونقیں بحال، کاروبارعروج پر اور کھیل کے میدان آباد

شہریوں کے مطابق حالیہ انتظامی اقدامات اور گورنر راج کے نفاذ کے بعد ڈیرہ اسماعیل خان میں امن و امان کی صورتحال میں واضح بہتری دیکھی جا رہی ہے اور عوام خود کو محفوظ تصور کر رہے ہیں۔

 مقامی افراد کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کی نگرانی میں علاقے میں ترقیاتی کاموں کا سلسلہ جاری ہے، سڑکوں اور بازاروں میں معمول کی رونقیں بحال ہیں اور شہری بغیر کسی خوف یا دباؤ کے شاپنگ اور کاروباری سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔

 اسی طرح ضلع کے مختلف کھیلوں کے میدانوں اور تفریحی مقامات پر بھی نوجوان اور بچے کھیل کود اور مثبت سرگرمیوں میں مصروف نظر آ رہے ہیں، جسے شہری پائیدار امن کی علامت قرار دے رہے ہیں۔

دوسری جانب جمیعت علمائے اسلام (ف) کے مقامی عہدیداروں اور حامیوں نے ان تنقیدی آراء اور الزامات کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔

پارٹی رہنماؤں کا مؤقف ہے کہ فضل الرحمان اور ان کی جماعت نے ہمیشہ ڈیرہ اسماعیل خان اور جنوبی اضلاع کی ترقی، میگا منصوبوں کی تکمیل اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے بھرپور کردار ادا کیا ہے، جبکہ مخالفین کی جانب سے عائد کیے جانے والے الزامات سیاسی پروپیگنڈے کا حصہ ہیں۔

Scroll to Top