کوہاٹ کے بھتہ خوروں کے نام نہاد ’’دیوتاؤں‘‘ کے چہروں سے نقاب ہمیشہ کے لیے اُتر گیا، اختیار ولی خان کا بڑا انکشاف

پشاور:وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر اختیار ولی خان نے پشاور میں ایک ہنگامی پریس کانفرنس کے دوران تہلکہ خیز انکشافات کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا کی متعدد با اثر سیاسی شخصیات کوہاٹ میں سرگرم ایک بدنام زمانہ جرائم پیشہ اور بھتہ خور گروہ کی پشت پناہی کر رہی تھیں۔

 ان کا کہنا تھا کہ ان سیاسی شخصیات کے تحفظ تلے یہ گروہ عوام سے بھتہ وصول کرتا رہا اور اس مکروہ دھندے کا باقاعدہ ایک نظام قائم کیا گیا تھا۔

کوہاٹ کے حلقہ جنگل خیل میں جرائم پیشہ نیٹ ورک کی سرپرستی

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اختیار ولی خان نے بتایا کہ سابق وزیر قانون آفتاب عالم کے حلقے کوہاٹ کے علاقے جنگل خیل میں ایک خطرناک جرائم پیشہ گروہ سرگرم تھا، جسے مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں اور با اثر افراد کی سرپرستی حاصل تھی۔

 انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس نیٹ ورک کے تحت باقاعدہ طور پر رقوم وصول کی جاتی تھیں اور انہیں آگے پہنچایا جاتا تھا۔

 نامزد کردہ اہم سیاسی شخصیات

اختیار ولی خان نے پریس کانفرنس میں جن نمایاں سیاسی شخصیات کے نام لیے ان میں درج ذیل افراد شامل ہیں:

شہریار آفریدی(تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی)
سینیٹر خرم ذیشان
ساجد اقبال (چیئرمین تحصیل گمبٹ)
امجد آفریدی (پیپلز پارٹی کے رکن اسمبلی / صوبائی وزیر)
احسان (سابق تحصیل چیئرمین)
سیف اللہ(جمعیت علمائے اسلام کے سابق رہنما)
نسیم آفریدی(سابق ضلعی امیدوار)
ایڈووکیٹ اعظم(سابق صوبائی اسمبلی کے امیدوار)

اس کے علاوہ انہوں نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے بھائی نوید اور سینیٹر خرم ذیشان کے قریبی عزیز اظہر بخاری کا نام بھی اس فہرست میں شامل کیا۔

یہ بھی پڑھیں : مرکز میں سناٹے کا راج اور باہر سڑکوں پر ٹریفک کی رواں دواں زندگی، فضل الرحمان کا نام نہاد “طوفان” خود اپنے ہی خالی کمروں میں دم توڑ گیا

 اختیار ولی کا مزید کہنا تھا کہ صوبائی وزیر امجد آفریدی سے منسلک ایک دوسرے گروہ کے افراد بھی اس مبینہ نیٹ ورک کا حصہ بنے ہوئے تھے۔

بھتہ خوروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ

پریس کانفرنس کے آخر میں اختیار ولی خان نے کہا کہ عوام کا استحصال کرنے والے اور جرائم پیشہ عناصر کو سیاسی شیلٹر فراہم کرنے والے کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں۔

 انہوں نے مطالبہ کیا کہ ان تمام نامزد شخصیات کے کردار کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائیں اور قانون کی حکمرانی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔

Scroll to Top