کراچی: عالمی شہرت یافتہ پاکستانی اداکارہ صبا قمر نے اپنی شادی سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی افواہوں پر خاموشی توڑتے ہوئے دسمبر میں شادی کی خبروں کی تردید کردی ہے۔
حال ہی میں سوشل میڈیا پر خبریں سامنے آئی تھیں کہ اداکارہ صبا قمر رواں سال دسمبر میں شادی کرنے والی ہیں، جس کے بعد ان کے مداحوں میں بھی اس حوالے سے تجسس پایا جا رہا تھا۔
تاہم اداکارہ نے انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے ان خبروں کو مسترد کرتے ہوئے افواہوں کا اسکرین شاٹ شیئر کیا اور مزاحیہ انداز میں لکھا کہ آخر کون یہ افواہیں پھیلا رہا ہے کہ ان کی دسمبر میں شادی ہو رہی ہے؟
یہ بھی پڑھیں : کوہاٹ میں سونے کی غیر قانونی کان کنی کے دوران مٹی کا تودہ گرنے سے 3 مزدور جاں بحق
صبا قمر کا کہنا تھا کہ وہ کام کی وجہ سے اس قدر مصروف ہیں کہ انہیں گھر جا کر اپنی نیند پوری کرنے کا وقت بھی نہیں مل رہا۔
اداکارہ نے مزید مزاحیہ انداز اپناتے ہوئے لکھا کہ اگر واقعی ان کی شادی ہو رہی ہے تو انہیں بھی دعوت نامہ بھیجا جائے، کیونکہ انہیں ابھی تک اپنی ہی شادی کا دعوت نامہ موصول نہیں ہوا۔
صبا قمر کے اس دلچسپ ردعمل کے بعد ان کی شادی سے متعلق گردش کرنے والی افواہوں کی حقیقت بھی واضح ہوگئی ہے۔





