کوہاٹ میں سونے کی غیر قانونی کان کنی کے دوران مٹی کا تودہ گرنے سے 3 مزدور جاں بحق

کوہاٹ: خیبر پختونخوا کے ضلع کوہاٹ کی تحصیل گمبٹ میں سونے کی غیر قانونی کان کنی کے دوران مٹی کا بھاری تودہ گرنے سے 3 مزدور ملبے تلے دب کر جاں بحق ہو گئے۔

گمبٹ پولیس کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ آج صبح درہ بوکاچ کے علاقے میں پیش آیا، جہاں غیر قانونی طور پر سونا نکالنے کی کوشش کے دوران اچانک مٹی کا تودہ گر گیا اور 3 مزدور اس کی زد میں آ کر دب گئے۔

 اطلاع ملتے ہی امدادی کارروائیاں شروع کی گئیں اور ملبے تلے دبے تینوں مزدوروں کی لاشیں نکال کر مقامی اسپتال منتقل کر دی گئیں۔

واضح رہے کہ اس علاقے میں غیر قانونی کان کنی کے باعث حادثات معمول بن چکے ہیں، اس سے قبل رواں برس جنوری میں بھی اسی تحصیل میں سونا نکالنے کے دوران تودہ گرنے سے 8 افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔

کوہاٹ میں دریائے سندھ کے کنارے واقع مختلف علاقوں میں سونے کی غیر قانونی کان کنی کا سلسلہ طویل عرصے سے جاری ہے۔

گزشتہ روز گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ایک پریس کانفرنس کے دوران انکشاف کیا تھا کہ اس علاقے سے ہر مہینے 90 کلوگرام سونا غیر قانونی طور پر نکالا جا رہا تھا۔

دوسری جانب، گزشتہ بدھ کو کوہاٹ میں اسی غیر قانونی کان کنی کے خلاف آپریشن مکمل کر کے واپس آنے والی پولیس پارٹی پر مسلح حملہ کیا گیا تھا، جس کے نتیجے میں ڈی ایس پی سمیت 10 پولیس اہلکار شہید ہو گئے تھے، جبکہ پولیس کی جوابی کارروائی میں 18 حملہ آور ہلاک ہوئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستانیوں کو بیرونِ ملک نوکری کے نام پر کیسے لوٹا جا رہا ہے؟ اہم انتباہ جاری

حالیہ واقعات کے بعد گورنر فیصل کریم کنڈی نے سخت ایکشن لیتے ہوئے صوبے بھر میں سونے کی کان کنی کے تمام لیز معاہدے منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے اور واضح کیا ہے کہ آج کے بعد کسی کو بھی سونے کی کان کنی کی اجازت نہیں ہوگی۔

الٹی میٹم اور کریک ڈاؤن:گورنر نے ٹھیکیداروں کو خبردار کیا کہ وہ غیر قانونی کان کنی فوری بند کر کے ایک ہفتے میں ہیوی مشینری ہٹا لیں ورنہ اسے ضبط کر لیا جائے گا۔

دوسری جانب سرکاری ٹی وی کے مطابق پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے نوشہرہ اور کوہاٹ میں کان کنی مافیا کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن کرتے ہوئے غیر قانونی کام میں استعمال ہونے والی بھاری مشینری نذرِ آتش کر دی ہے۔

سیاسی سرپرستی:گورنر کے پی نے گزشتہ روز میڈیا ٹاک میں یہ سنگین الزام بھی عائد کیا تھا کہ مختلف سیاسی جماعتوں سے وابستہ 12 سیاست دان سونے کی اس غیر قانونی کان کنی میں ملوث پائے گئے ہیں۔

 انہوں نے صوبے کے معدنی وسائل کی لوٹ مار روکنے کے لیے چیکنگ سخت کرنے اور بغیر لیز کان کنی کرنے والوں کے خلاف مقدمات درج کرنے کا عزم دہرایا ہے۔

Scroll to Top