پاکستانیوں کو بیرونِ ملک نوکری کے نام پر کیسے لوٹا جا رہا ہے؟ اہم انتباہ جاری

اسلام آباد: بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ نے بیرونِ ملک ملازمت کے خواہشمند پاکستانیوں کو خبردار کرتے ہوئے جعلی غیر ملکی ملازمتوں کی پیشکش سے متعلق انتباہی علامات کی نشاندہی کر دی ہے۔

بیورو کے مطابق بیرونِ ملک اچھی ملازمت کی تلاش میں بعض افراد پُرکشش پیشکشوں کے جھانسے میں آ کر اپنی رقم اور اہم دستاویزات سے محروم ہو سکتے ہیں، اس لیے کسی بھی جاب آفر پر اعتماد کرنے یا رقم اور پاسپورٹ حوالے کرنے سے پہلے مکمل تصدیق ضروری ہے۔

جعلی جاب آفر کی پہلی نشانی معمولی کام کے عوض غیر معمولی تنخواہ اور مراعات کی پیشکش ہے۔ اگر کم مہارت یا معمولی تجربے والی ملازمت کے لیے مارکیٹ سے کہیں زیادہ تنخواہ اور فوری بھرتی کا وعدہ کیا جائے تو محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔

امیدوار کو ملازمت کی نوعیت، مطلوبہ قابلیت اور غیر معمولی تنخواہ کی وجہ ضرور معلوم کرنی چاہیے۔دوسری انتباہی علامت یہ ہے کہ کسی شخص نے ملازمت کے لیے درخواست دی ہو، نہ اپنا سی وی بھیجا ہو اور نہ ہی انٹرویو دیا ہو، لیکن اسے اچانک فون، واٹس ایپ یا سوشل میڈیا کے ذریعے بیرونِ ملک ملازمت کی پیشکش موصول ہو جائے۔

یہ بھی پڑھیں : دلہ زاک اور رنگ روڈ کی بندش سے ایمبولینسز، مسافر اور خواتین سڑکوں پر رُل گئیں، فضل الرحمان کے حامیوں کے احتجاج پر شہریوں کا ردعمل

 ایسی غیر متوقع پیشکش پر اعتماد کرنے سے پہلے متعلقہ کمپنی اور رابطہ کرنے والے شخص کی شناخت کی آزادانہ تصدیق ضروری ہے۔تیسری نشانی کمپنی کی شاندار ویب سائٹ یا لوگو کے باوجود اس کی حقیقی شناخت کا واضح نہ ہونا ہے۔

 بیورو کے مطابق خوب صورت ویب سائٹ کسی کمپنی کے مستند ہونے کا ثبوت نہیں۔ اگر کمپنی کا قابلِ تصدیق دفتر کا پتہ، ذمہ دار عملے کی معلومات اور کاروبار کی واضح تفصیلات دستیاب نہ ہوں تو مزید تحقیق کی جانی چاہیے۔

ملازمت کی پیشکش کی تصدیق کے لیے کمپنی کے ایسے مستند رابطے سے رجوع کیا جائے جو خود تلاش کیا گیا ہو، نہ کہ صرف جاب آفر بھیجنے والے شخص کے فراہم کردہ فون نمبر یا رابطے پر انحصار کیا جائے۔

بیورو نے بیرونِ ملک ملازمت کے خواہشمند پاکستانیوں پر زور دیا ہے کہ کسی بھی پُرکشش پیشکش پر رقم یا پاسپورٹ دینے سے پہلے اس کی حقیقت جانچیں تاکہ ممکنہ دھوکا دہی سے محفوظ رہ سکیں۔

Scroll to Top