خیبرپختونخوا حکومت کا صحت کے شعبے میں تاریخی اقدام:زچہ و بچہ کے لیے 3 ارب 14 کروڑ 75 لاکھ روپے کا منصوبہ تیار!

خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے صوبے کے سیلاب سے متاثرہ اور ملحقہ علاقوں میں صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی اور بنیادی ڈھانچے کی مضبوطی کے لیے عملی اقدامات تیزی سے جاری ہیں۔ 

اسی سلسلے میں گورنر خیبرپختونخوا کی مشیر برائے صحت لیفٹیننٹ جنرل (ر) ڈاکٹر نگار جوہر نے جاپانی منصوبے جائیکا (JICA) کے تعاون سے زچہ و بچہ کی صحت کی سہولیات بہتر بنانے کے میگا منصوبے پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا۔

ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز خیبرپختونخوا کی نگرانی میں جائیکا کی پراجیکٹ ٹیم کے ساتھ منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس میں مشیر صحت کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ صوبائی محکمہ صحت کے کامیاب تکنیکی جائزے اور مذاکرات کے بعد جاپانی کمپنی میسرز Sirius Corporation کے ساتھ 1.394 ارب جاپانی ین کا خریداری معاہدہ حتمی شکل اختیار کر چکا ہے۔

صوبائی حکومت کی مؤثر حکمتِ عملی اور بہترین کارکردگی کے باعث اس منصوبے کی مجموعی لاگت 3 ارب 147 کروڑ 50 لاکھ روپے (3 ارب 14 کروڑ 75 لاکھ روپے) کا تقریباً 97 فیصد حصہ جائیکا گرانٹ کے تحت فراہم کر رہا ہے۔

اس منصوبے کے تحت ہزارہ ڈویژن کے سیلاب سے متاثرہ اور ملحقہ علاقوں (ضلع تورغر کے علاوہ) کے سرکاری صحت مراکز کو جدید طبی آلات فراہم کیے جائیں گے۔

منصوبے کے تحت سرکاری مراکز صحت کو جن عالمی معیار کے جدید آلات سے لیس کیا جائے گا ان میں درج ذیل تمام مشینری اور نظام شامل ہیں:

 الٹراساؤنڈ مشینیں

 فیٹل ڈوپلر (Fetal Doppler)

 سی ٹی جی (CTG) مشینیں

 نومولود بچوں کے لیے جدید سانس کی سہولیات

 فوٹوتھراپی یونٹس (Phototherapy Units)

 آپریشن اور بے ہوشی کے جدید آلات

 کولڈ چین (Cold Chain) سسٹم

 شمسی توانائی (سولر) کے نظام

اس موقع پر مشیر صحت لیفٹیننٹ جنرل (ر) ڈاکٹر نگار جوہر نے حکومتِ جاپان اور جائیکا کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کا مالی اور تکنیکی تعاون خیبرپختونخوا میں زچہ و بچہ کی صحت کی سہولیات بہتر بنانے میں انتہائی اہم کردار ادا کرے گا۔

صوبائی حکومت کے وژن کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیحات میں صحت کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانا، زچگی اور نومولود بچوں کی ہنگامی طبی سہولیات کو بہتر بنانا اور قابلِ تدارک اموات میں نمایاں کمی لانا شامل ہے۔

گڈ گورننس اور شفافیت کے اصولوں پر عمل درآمد کو یقینی بناتے ہوئے مشیر صحت نے متعلقہ حکام کو سختی سے ہدایت کی کہ طبی آلات کی فراہمی میں اعلیٰ معیار، مکمل شفافیت اور منصوبے کی بروقت تکمیل ہر صورت یقینی بنائی جائے۔

یہ بھی پڑھیں : پراسرار تکنیکی خرابیوں کا سلسلہ: پروازوں اور مائیکروسافٹ کے بعد اب امریکی خفیہ ایجنسی کا این ایس اے نیٹ بھی معطل

انہوں نے واضح کیا کہ آلات کی ترسیل سے قبل معیار کی کڑی جانچ پڑتال کی جائے گی جبکہ بعد ازاں تنصیب، آپریشنلائزیشن (فعال بنانے) اور مقامی طبی عملے کی پیشہ ورانہ تربیت کا عمل بھی مکمل کیا جائے گا۔

مشیر صحت نے اس امید کا اظہار کیا کہ صوبائی حکومت اور جائیکا کے اشتراک سے جاری یہ منصوبہ بالخصوص 2022 کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ماں اور بچوں کو ان کی دہلیز پر معیاری طبی سہولیات کی فراہمی میں ایک نمایاں اور دیرپا بہتری لائے گا۔

Scroll to Top