گورنر خیبر پختونخوا کی مشیر برائے صحت نگار جوہر نے مردان اور صوابی کے نئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر (ڈی ایچ کیو) ہسپتالوں کا دورہ کیا جہاں انہوں نے جاری تعمیراتی کاموں اور افتتاحی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مشیر صحت نگار جوہر نے بتایا کہ ایک ہزار بستروں پر مشتمل مردان کے نئے ڈی ایچ کیو ہسپتال کے لیے 400 ملین روپے جاری کر دیے گئے ہیں اور اس منصوبے کے لیے فنڈز کی کمی آڑے نہیں آنے دی جائے گی۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ہسپتال کے باقی ماندہ کام آئندہ ایک ماہ میں مکمل کیے جائیں جس کے بعد ہسپتال کو فعال کر کے اس کا باقاعدہ افتتاح کر دیا جائے گا۔
نگار جوہر کا کہنا تھا کہ مردان کا نیا ڈی ایچ کیو ہسپتال جدید طبی سہولیات سے آراستہ اور پشاور کے بڑے ہسپتالوں کے ہم پلہ ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ مردان میں کارڈیک سینٹر کے قیام کے لیے وزیراعظم نے بھی یقین دہانی کرائی ہےجس کا قیام علاقے کے شعبہ صحت میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔
بعد ازاں مشیر صحت نے صوابی کے نئے ڈی ایچ کیو ہسپتال کا دورہ بھی کیا اور وہاں افتتاحی انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے اعلان کیا کہ 130 بستروں پر مشتمل نئے ڈی ایچ کیو ہسپتال صوابی کا افتتاح 21 نومبر کو گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں : پیٹرول کی قیمت 250 روپے فی لیٹر، عوام نے بڑا مطالبہ کردیا
مشیر صحت نگار جوہر نے مردان اور صوابی کے نئے ڈی ایچ کیو ہسپتالوں کی تکمیل میں کمشنر مردان کی کاوشوں اور مؤثر رابطہ کاری کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی کوششوں سے دونوں منصوبوں میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے اور یہ ہسپتال مقامی آبادی کو جدید طبی سہولیات فراہم کرنے میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔





