شمالی وزیرستان بالخصوص میر علی کے گنجان آباد علاقوں میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے جاری کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے نتیجے میں علاقے کو دہشت گردوں سے پاک کرنے اور بارودی مواد برآمد کرنے کا عمل جاری ہے جس پر مقامی آبادی نے فورسز کا خیرمقدم کیا ہے۔
علاقہ مکینوں کے مطابق خوارج کی جانب سے رہائشی آبادیوں میں گھروں پر زبردستی قبضوں، کھانے پینے اور پناہ کے جبری مطالبات نے مقامی شہریوں کی زندگی اجیرن بنا رکھی تھی۔ اس کے علاوہ رہائشی علاقوں میں بارودی مواد اور آئی ای ڈیز ذخیرہ کیے جانے اور سیکیورٹی فورسز پر چھپ کر فائرنگ کے واقعات کے باعث خواتین اور بچوں سمیت بے گناہ شہریوں کے جانی نقصان کے واقعات پیش آ رہے تھے۔
حالیہ انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں کے دوران متعدد دہشت گرد ہلاک جبکہ بھاری مقدار میں دھماکا خیز مواد قبضے میں لے کر علاقے کو محفوظ بنایا جا رہا ہے۔
امن کی بحالی اور کارروائیوں کی کامیابی پر مقامی آبادی نے سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑے رہنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ دوسری جانب مقامی لوگوں نے ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی لاشیں دفنانے سے انکار کر دیا ہے جبکہ دہشت گردی میں ملوث مقامی عناصر کے والدین اور اہلِ خانہ نے بھی اپنے بیٹوں سے لاتعلقی کا اعلان کرتے ہوئے ان کی لاشیں وصول کرنے اور تدفین کرنے سے معذرت کر لی ہے۔





