راولپنڈی :چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بلوچستان کے علاقے تربت کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے انتہائی مشکل آپریشنل حالات کے باوجود مادرِ وطن کے دفاع کے لیے پاک فوج کے افسران اور جوانوں کے غیر متزلزل عزم اور پیشہ ورانہ مہارت کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق تربت آمد پر کور کمانڈر بلوچستان نے چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز کا استقبال کیا۔
دورے کے آغاز پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور وطن کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی کی۔

آئی ایس پی آر کا بتانا ہے کہ اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو خطے کی موجودہ سکیورٹی صورتحال، آپریشنل تیاریوں اور بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خلاف جاری کامیاب آپریشنز پر جامع بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ کے دوران انہیں بلوچستان کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے جاری مختلف سماجی و اقتصادی ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں : مشیر صحت خیبر پختونخوا نگار جوہر کا مردان اور صوابی کے نئے ڈی ایچ کیو ہسپتالوں کا دورہ، ترقیاتی کاموں اور انتظامات کا جائزہ
جوانوں سے گفتگو کرتے ہوئے چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے کٹھن اور مشکل آپریشنل ماحول کے باوجود ان کی اعلیٰ ترین آپریشنل تیاریوں، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور دفاعِ وطن کے غیر متزلزل جذبے کو سراہا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک فوج خطے میں پائیدار امن، خوشحالی اور ترقی کے مسلسل حصول کے لیے پرعزم ہے اور ہر مشکل گھڑی میں بلوچستان کے عوام کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی۔





