خیبرپختونخوا میں انسانی حقوق کے تحفظ کے لئے بڑا اقدام،13 ادارے ایک نظام سے منسلک،مشیر قانون کا 90 روزہ روڈ میپ تیار کرنے کی ہدایت!

خیبرپختونخوا میں انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے 13 اداروں کو ایک ہی ڈیجیٹل نظام سے منسلک کردیا گیا ہے جس کے ذریعے شہریوں کی شکایات متعلقہ محکموں تک پہنچانے اور ان کے ازالے کی نگرانی ممکن ہوگی۔

گورنر کے مشیر عامر جاوید نے اس پیش رفت کو مزید مؤثر بنانے کے لیے آئندہ 90 روز کا واضح اور قابلِ پیمائش روڈ میپ تیار کرنے کی ہدایت کردی ہےجبکہ ضم شدہ اضلاع میں شہریوں کی رسائی اور شکایات کے حل پر خصوصی توجہ دینے پر زور دیا ہے۔

خیبرپختونخوا میں انسانی حقوق کے تحفظ اور شہریوں کی شکایات کے مؤثر ازالے کے لیے 13 متعلقہ اداروں کو مشترکہ ڈیجیٹل پورٹل اور ریفرل سسٹم کے ذریعے منسلک کردیا گیا ہے۔

اس نظام کے تحت شہریوں کی شکایات متعلقہ محکموں تک پہنچانے، ان پر پیش رفت کی نگرانی اور اداروں کے درمیان رابطہ کاری کو ایک مربوط طریقہ کار کے تحت چلایا جائے گا۔

اس سلسلے میں گورنر خیبرپختونخوا کے مشیر برائے قانون، پارلیمانی امور، انسانی حقوق، محنت و بین الصوبائی رابطہ عامر جاوید سے یو این ڈی پی کے نیشنل ٹیکنیکل اسپیشلسٹ ملک کامران اعظم رجڑ اور صوبائی انسانی حقوق افسر عادل بشیر نے ملاقات کی۔

یہ بھی پڑھیں : محنت کشوں کا حق کھانے والوں کے خلاف بڑا فیصلہ: گورنر ہاؤس پشاور میں بند کمرے کا بڑا اجلاس، تجاوزات اور جعلی الاٹمنٹ پر فوری ایکشن کا حکم!

اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل لاء اینڈ ہیومن رائٹس غلام علی بھی شریک تھے۔

ملاقات کے دوران صوبے میں انسانی حقوق کے تحفظ سے متعلق اصلاحات، اداروں کی استعداد کار اور ڈیجیٹل نظام کو مزید مؤثر بنانے کے امور زیر بحث آئے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ یو این ڈی پی کے تعاون سے 13 اداروں کو مشترکہ پورٹل اور ریفرل سسٹم سے جوڑا گیا ہے جبکہ ان اداروں میں فوکل پرسنز بھی مقرر کیے گئے ہیں۔

اس طریقہ کار کے ذریعے شہریوں کی شکایات متعلقہ اداروں تک منتقل کرنے اور ان کے حل کی صورتحال پر نظر رکھنے میں مدد ملے گی۔ منصوبے کے تحت اداروں کو تکنیکی معاونت اور تربیت بھی فراہم کی جارہی ہے۔

ملاقات میں ہیومن رائٹس انفارمیشن مینجمنٹ سسٹم کے ڈیجیٹل پورٹل پر بھی گفتگو ہوئی، جسے بین الاقوامی رپورٹنگ کو بہتر بنانے اور مختلف محکموں کے درمیان معلومات کے تبادلے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔

اس پورٹل کی افتتاحی تقریب 11 نومبر کو منعقد ہوئی تھی۔ عامر جاوید نے اسے اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اب ضرورت اس بات کی ہے کہ ڈیجیٹل نظام محض قائم نہ رہیں بلکہ ان کے نتائج عوام تک بھی پہنچیں۔

مشیر قانون نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ آئندہ 90 روز کے لیے واضح اہداف اور قابلِ پیمائش نتائج پر مشتمل روڈ میپ تیار کیا جائے تاکہ اصلاحاتی اقدامات کی عملی پیش رفت کا جائزہ لیا جاسکے۔

انہوں نے بالخصوص ضم شدہ اضلاع میں انسانی حقوق سے متعلق سہولیات، شہریوں کی اداروں تک رسائی اور شکایات کے مؤثر ازالے کو ترجیح دینے پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ شہریوں کو اپنے آئینی اور قانونی حقوق سے آگاہ کرنے کے لیے عوامی شعور اجاگر کرنا بھی ضروری ہے تاکہ معلومات کی کمی اور غلط فہمیوں کو دور کیا جاسکے اور لوگ اپنے مسائل کے حل کے لیے متعلقہ اداروں سے رجوع کرسکیں۔

یو این ڈی پی کے نمائندوں نے کہا کہ اصلاحاتی اقدامات کو آئین پاکستان کے مطابق آگے بڑھانے کے ساتھ اداروں کی استعداد کار، تکنیکی معاونت اور نظام کے مستقل تسلسل کو یقینی بنانا ہوگا۔

ملاقات میں یو این ڈی پی کے آئندہ رول آف لاء پراجیکٹ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جس میں خیبرپختونخوا کو خصوصی اہمیت دی گئی ہے۔

اس کے علاوہ یو این ڈی پی کے کمیونٹی اسٹیبلائزیشن پراجیکٹ کی اختتامی تقریب کے انتظامات پر بھی بات ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں : ملکی سلامتی اولین ترجیح ہے، عالمی جنگ کا خطرہ ٹلنے کا سہرا پاکستانی سیاسی و عسکری قیادت کے سر ہے، مولانا طیب قریشی

یہ منصوبہ گزشتہ کئی سال سے متعلقہ اضلاع میں کمیونٹیز کی فلاح و بہبود اور استحکام کے لیے کام کرتا رہا ہے۔ پراجیکٹ کے چیف نیشنل کنسلٹنٹ نے مشیر عامر جاوید کو تقریب میں شرکت کی باضابطہ دعوت بھی دی۔

عامر جاوید نے یو این ڈی پی سمیت بین الاقوامی شراکت داروں کے تعاون کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ جاری اصلاحات کو ایسے پائیدار ادارہ جاتی نظام میں تبدیل کیا جائے گا جس کے نتائج شہریوں کو عملی طور پر محسوس ہوں۔

Scroll to Top