کوالالمپور :ملائیشیا نے بھارتی شہریوں کے لیے ویزا فری داخلے کی سہولت ختم کرنے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے، جس کا اطلاق یکم جنوری 2027 سے ہوگا۔
حیران کن طور پر ملائیشیا کی جانب سے یہ فیصلہ عین اسی روز سامنے آیا جب بھارتی وزیراعظم نریندر مودی منیلا میں آسیان انڈیا سمٹ میں شریک تھے اور وہاں ملائیشیا سمیت آسیان ممالک کے سیاحوں کو مفت ای ویزا دینے کی پیشکش کر رہے تھے۔
ملائیشیا کے محکمہ امیگریشن (JIM) کی جانب سے 17 نومبر 2026 کو جاری کردہ سرکاری اعلامیے کے مطابق یکم جنوری 2027 سے بھارتی شہریوں کو حاصل ویزا استثنیٰ کی سہولت ختم کر دی جائے گی۔
اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ اس تاریخ کے بعد ملائیشیا آنے والے تمام بھارتی شہریوں کے لیے سفر سے قبل باقاعدہ ویزا حاصل کرنا لازمی ہوگا۔
ملائیشین امیگریشن حکام کے مطابق بھارتی شہری یکم دسمبر 2026 سے سرکاری ویب پورٹل MyVISA کے ذریعے ویزا کے حصول کے لیے درخواستیں جمع کرا سکیں گے۔
یہ بھی پڑھیں : بھارتی ایجنٹوں کا کچومر نکال دیا، سیکیورٹی فورسز کی تابڑ توڑ کارروائیوں میں ’فتنہ الخوارج‘ کے 22 دہشت گرد جہنم واصل
محکمہ امیگریشن نے درخواست گزاروں کو سختی سے خبردار کیا ہے کہ ادا کی جانے والی تمام ویزا پروسیسنگ فیسیں ناقابلِ واپسی (نان ریفنڈیبل) ہوں گی، خواہ درخواست منظور ہو یا مسترد، پالیسی میں کوئی تبدیلی آئے یا مسافر کے سفری پروگرام میں کوئی ردو بدل ہو۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ ملائیشیا کا محکمہ امیگریشن حکومتِ ملائیشیا کی ہدایات کے مطابق کسی بھی وقت ان داخلہ شرائط میں ترمیم کرنے کا مکمل حق محفوظ رکھتا ہے۔
سفارتی مبصرین کے مطابق بھارت کی جانب سے آسیان اجلاس میں مفت ویزوں کی پیشکش کے عین اسی دن ملائیشیا کا بھارتی شہریوں کے لیے ویزا فری سہولت ختم کرنا نئی دہلی کی خارجہ پالیسی کے لیے ایک بڑا سفارتی دھچکا قرار دیا جا رہا ہے۔





