آج اسلام آباد کی اہم ترین شاہراہیں بند رہیں گی، ٹریفک پولیس نے متبادل روٹس جاری کر دیے

اسلام آباد:وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کرکٹ ٹیموں کی آمدورفت کے سلسلے میں آج مورخہ 19 نومبر 2026 کو سکیورٹی اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے اہم شاہراہوں پر مختلف اوقات میں ٹریفک ڈائیورشنز لگائی جائیں گی، جس کے لیے اسلام آباد ٹریفک پولیس نے خصوصی ٹریفک ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔

چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) کائنات اظہر خان کی جانب سے جاری کردہ ایڈوائزری کے مطابق کرکٹ ٹیموں کی موومنٹ کے دوران ایکسپریس ہائی وے اور سری نگر ہائی وے پر مختلف مقامات پر وقفے وقفے سے ٹریفک کو متبادل راستوں پر منتقل کیا جائے گا۔

شہریوں کے لیے متبادل راستوں کی تفصیلات کے مطابق سری نگر ہائی وے: یہاں سے گزرنے والی ٹریفک سہروردی روڈ، سروس روڈ جی ایٹ (G-8)، سروس روڈ جی نائن (G-9) اور زیرو پوائنٹ استعمال کرے۔

فیض آباد اور نائنتھ ایونیو: فیض آباد جانے والی ٹریفک فیصل ایونیو جبکہ نائنتھ ایونیو والی ٹریفک سروس روڈ ایسٹ اختیار کرے۔
کورال سے اسلام آباد:کورال سے وفاقی دارالحکومت آنے والے شہری پرانا ائیرپورٹ، راول روڈ، راولپنڈی مری روڈ اور آئی جے پی (IJP) روڈ سے ہوتے ہوئے فقیر ایپی روڈ استعمال کریں۔

یہ بھی پڑھیں : صوبے کو لوٹنے والے اب منہ چھپاتے پھریں، جنرل (ر) نگار جوہر کی زیرِ قیادت 7.10 ارب کے 12 ترجیحی فلاحی منصوبے منظور

ایکسپریس ہائی وے اور کلب روڈ کی بندش کی صورت میں: کورال ایکسپریس ہائی وے، مری روڈ اور کلب روڈ بند ہونے کی صورت میں شہری لہتراڑ روڈ اور پارک روڈ کا انتخاب کریں۔

نیو ائیرپورٹ اور پشاور روڈ: ان مقامات کی جانب سفر کرنے والے شہری جناح ایونیو اور مارگلہ روڈ استعمال کریں۔بہارہ کہو سے اسلام آباد: بہارہ کہو سے آنے والے شہری بنی گالا اور پارک روڈ کے راستے اسلام آباد میں داخل ہوں۔

ٹریفک پولیس حکام کے مطابق ڈائیورشنز کے دوران مختلف شاہراہوں پر ٹریفک سست روی کا شکار رہ سکتی ہے، لہٰذا شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی سفری مشکل یا تاخیر سے بچنے کے لیے معمول سے 20 سے 25 منٹ کا اضافی دورانیہ رکھ کر گھر سے نکلیں اور ٹریفک اہلکاروں کی ہدایات پر عمل کریں۔

Scroll to Top