اب پرانا نظام نہیں چلے گا، مہنگائی اور بدانتظامی سے چھٹکارے کے لیے شہریوں کا نئے انتظامی یونٹس بنانے کا پرزور مطالبہ

کوئٹہ اور کراچی سے تعلق رکھنے والے شہریوں کی بڑی تعداد نے ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی، بیروزگاری اور انتظامی مسائل کے حل کے لیے نئے انتظامی یونٹس اور چھوٹے صوبوں کے قیام کی پرزور حمایت کا اظہار کیا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی اور وسائل کی منصفانہ تقسیم کے بغیر عوامی مسائل کا پائیدار حل ممکن نہیں ہے۔

مقامی شہریوں نے گفتگو کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ پاکستانی عوام نے گزشتہ 70 برسوں سے مسلسل بدانتظامی اور گورننس کے مسائل کا سامنا کیا ہے، تاہم اب وقت آ چکا ہے کہ پورے نظام کو ازسرِ نو ترتیب (ری سیٹ) دیا جائے تاکہ عام آدمی کو حقیقی معنوں میں بنیادی سہولیات میسر آ سکیں۔

شہریوں کے مطابق موجودہ بڑا انتظامی ڈھانچہ عوام کے مسائل بروقت حل کرنے میں ناکام دکھائی دیتا ہے، جبکہ نئے انتظامی یونٹس قائم ہونے سے لوگوں کو صحت، تعلیم اور دیگر سرکاری امور کے حل کے لیے دور دراز کے سفر کے بجائے اپنے ہی قریبی علاقوں میں سہولیات دستیاب ہوں گی۔

یہ بھی پڑھیں : آج اسلام آباد کی اہم ترین شاہراہیں بند رہیں گی، ٹریفک پولیس نے متبادل روٹس جاری کر دیے

کراچی کے شہریوں نے آبادی کے بڑھتے ہوئے دباؤ کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ شہرِ قائد کی آبادی اس قدر بڑھ چکی ہے کہ موجودہ انتظامی سیٹ اپ کے لیے اس کے مسائل سنبھالنا مشکل ہو گیا ہے۔

شہریوں نے مطالبہ کیا کہ اختیارات کو حقیقی معنوں میں مقامی نمائندوں تک منتقل کرنے اور شہری ڈھانچے کو بہتر بنانے کے لیے نئے صوبے تشکیل دیے جائیں۔

روزگار اور معاشی مواقع کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کوئٹہ اور کراچی کے باسیوں نے کہا کہ نئے صوبوں اور انتظامی اکائیوں کے قیام سے سرکاری و نجی شعبوں میں روزگار کے نئے دروازے کھلیں گے، جس سے مقامی نوجوانوں کو باعزت نوکریاں مل سکیں گی اور بیروزگاری کی شرح میں نمایاں کمی آئے گی۔

شہریوں کا مزید کہنا تھا کہ چھوٹے انتظامی یونٹس بننے سے نہ صرف حکومتی عملداری اور انتظامی کنٹرول میں بہتری آئے گی بلکہ امن و امان کی صورتحال کو مستحکم بنانے میں بھی مدد ملے گی۔

ان کے بقول اس اقدام سے ملک کے پسماندہ اور نظر انداز کیے گئے علاقوں میں یکساں ترقی کے مواقع پیدا ہوں گے اور احساسِ محرومی کا خاتمہ ممکن ہو سکے گا۔

Scroll to Top