سیاحوں کی موجیں لگ گئیں، خیبرپختونخوا میں 14 نئے سیاحتی مقامات اور عالمی ایونٹس کرانے کا بڑا فیصلہ سامنے آگیا

ریحان خان روغانی
پشاور: مشیرِ سیاحت و ثقافت خیبرپختونخوا ڈاکٹر سرفراز علی نے خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی کا دورہ کیا، جہاں انہیں صوبے میں سیاحت کے فروغ، جاری ترقیاتی منصوبوں اور مستقبل کے لائحہ عمل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر مشیرِ سیاحت نے سیاحوں کو عالمی معیار کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے متعدد اہم احکامات جاری کیے۔

تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر سرفراز علی نے ہدایت کی کہ ملکی و غیر ملکی سیاحوں کی رہنمائی کے لیے پشاور اور اسلام آباد ایئرپورٹس پر ٹورسٹ انفارمیشن سینٹرز قائم کیے جائیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ پشاور ایئرپورٹ پر ٹورسٹ انفارمیشن سینٹر کے قیام کے لیے طے پانے والی مفاہمتی یادداشت پر فوری طور پر دوبارہ عملدرآمد یقینی بنایا جائے، جبکہ صوبے کے مختلف اضلاع میں بھی ٹورسٹ سہولت مراکز قائم کیے جائیں تاکہ سیاحوں کو ہر ممکن مدد مل سکے۔

مشیرِ سیاحت و ثقافت نے صوبے میں ہوٹل انڈسٹری کا معیار بلند کرنے کے لیے ہوٹلز کی رینکنگ کا نظام متعارف کرانے کی ہدایت کی، جبکہ بریفنگ کے دوران ڈی جی ٹورازم اتھارٹی نے آگاہ کیا کہ ہوٹلز کی رجسٹریشن مہم سے گزشتہ چند ماہ کے دوران ریکارڈ آمدن حاصل ہوئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : اب پرانا نظام نہیں چلے گا، مہنگائی اور بدانتظامی سے چھٹکارے کے لیے شہریوں کا نئے انتظامی یونٹس بنانے کا پرزور مطالبہ

ڈاکٹر سرفراز علی نے نشتر ہال پشاور میں زیرِ تعمیر ٹورسٹ سہولت مرکز اور سیاحتی اسٹالز اگلے ماہ تک ہر صورت مکمل کرنے کا اعلان بھی کیا۔

ایڈونچر ٹورازم کے فروغ پر زور دیتے ہوئے مشیرِ سیاحت نے کہا کہ ایڈونچر سرگرمیوں میں زیادہ سے زیادہ نوجوانوں اور طلباء و طالبات کو شامل کیا جائے۔

انہوں نے ہدایت دی کہ تریچ میر سمٹ کی طرز پر فلک سر سمٹ کو بھی عالمی سطح پر متعارف کرایا جائے اور خیبرپختونخوا میں پیراگلائیڈنگ کی طرز پر ایک بڑا بین الاقوامی ایڈونچر ٹورازم ایونٹ منعقد کیا جائے۔

ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیتے ہوئے ڈاکٹر سرفراز علی نے صوبے کے 14 نئے سیاحتی مقامات کی تعمیر کا کام تیز کرنے اور تمام جاری منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کا حکم دیا۔

انہوں نے زور دیا کہ خیبرپختونخوا میں سیاحت کے فروغ اور سیاحوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام ادارے اپنے اقدامات میں تیزی لائیں تاکہ صوبے کی معیشت کو مستحکم کیا جا سکے۔

Scroll to Top