ملک میں جب غیر ذمہ دارانہ بیانات، جذباتی سیاست اور انتشار کی فضا پیدا کرنے کی کوششیں کی جاتی ہیں، تب ریاستی استحکام، آئینی بالادستی اور سنجیدہ مشاورت ہی قوم کو درست سمت میں آگے لے جاتی ہے۔
حالیہ سیاسی کشمکش کے دوران وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے ایک بار پھر یہ واضح کر دیا ہے کہ پاکستانی ریاست اور موجودہ حکومتی ڈھانچہ کسی جذباتی ردعمل یا سیاسی بلیک میلنگ کے بجائے آئین، قانون، ریاستی مفاد اور باہمی مشاورت کے اصولوں پر قائم ہے جبکہ بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے اپنایا جانے والا جذباتی انداز اس سنجیدہ ریاستی عمل کے سامنے کمزور اور غیر حقیقت پسندانہ نظر آتا ہے۔
وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے موجودہ سیاسی صورتحال، مشاورتی عمل، انتظامی یونٹس اور اتحادیوں کے رویے پر تفصیلی اور دوٹوک مؤقف پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نوجوان اور جذباتی ہیں تاہم صدر مملکت اور وزیراعظم ہمیشہ بات چیت، افہام و تفہیم اور سنجیدگی کے ذریعے معاملات کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں۔
ان کے بقول حکومت نے صورتحال کا مناسب جواب ضرور دیا لیکن ایک ذمہ دار حد کے اندر رہتے ہوئے، اور ایسی غیر مناسب باتیں نہیں کیں جیسی بلاول بھٹو کی جانب سے سامنے آئیں۔
طلال چوہدری نے جذباتیت اور عدم برداشت کی سیاست کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ جو لوگ مذاکرات اور برداشت کی بات کرتے ہیں وہ خود وزیر داخلہ اور دیگر وزرا کا مؤقف کیوں برداشت نہیں کرتے؟ ۔
انہوں نے واضح کیا کہ موجودہ نظام میں درجہ چہارم کی تقرری سے لے کر وزیراعظم کے منصب تک ہر معاملے پر باقاعدہ مشاورت کی جاتی رہی ہے جس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ ریاستی امور میں مشاورتی روایت کو مضبوط بنایا گیا ہے تاکہ نظام میں تسلسل، نظم و ضبط اور کارکردگی برقرار رہے۔
قانون سازی اور جمہوری عمل کی وضاحت کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے داخلہ نے کہا کہ کوئی بھی قانون سازی پہلے کمیٹی میں اتحادیوں کے سامنے رکھی جاتی ہے اور اس کے بعد پارلیمنٹ میں آتی ہے کیونکہ جو معاملہ عوام سے جڑا ہو وہ جمہوری اور آئینی طریقے سے ہی طے ہونا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جمہوری عمل میں بڑی جماعتوں کے ساتھ ساتھ چھوٹی جماعتوں کو بھی نظر انداز نہیں کیا جا سکتا اور اتنے اہم قومی فیصلے اتفاق رائے کے بغیر نہ تو کیے جانے چاہئیں اور نہ ہی کیے جائیں گے۔
انتظامی یونٹس کے حوالے سے اٹھنے والی بحث پر روشنی ڈالتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ یہ بات گورننس کی بہتری کے لیے ہو رہی ہےکسی کی ذاتی خواہش یا مفاد پر نہیں۔
انہوں نے زور دیا کہ یہ پورے پاکستان کی بات ہے کسی ایک صوبے کی نہیں، اور ریاست کا مقصد انتظامی ڈھانچے کو مؤثر بنا کر عوام کو بہتر سروس ڈلیوری دینا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : نئے صوبوں پر بلاول کا موقف لڑکھڑا گیا؟ صدر آصف علی زرداری کی وزیراعظم شہباز شریف اور محسن نقوی سے ریفرنڈم و نئے صوبوں پر مشاورت
انہوں نے اس امر پر بھی زور دیا کہ پی ڈی ایم کے دور سے لے کر آج تک کوئی بھی قدم آئین سے باہر نہیں اٹھایا گیا اور تمام فیصلے اتحادیوں، بالخصوص پیپلز پارٹی کے ساتھ بھرپور مشاورت کے بعد کیے گئے ہیں۔
ان کے اس بیان نے یہ واضح کر دیا ہے کہ ریاستی اداروں اور آئینی عمل کے ذریعے ہی ملک کو درپیش چیلنجز کا مؤثر مقابلہ کیا جا سکتا ہے جبکہ غیر سنجیدہ بیانات اور سیاسی نااہلی پر مبنی طرزِ عمل ریاستی استحکام اور عوامی مفاد کے لیے کسی صورت سودمند نہیں۔





