انسانی تاریخ کا بڑا فیصلہ، عالمی عدالت انصاف نے میانمار کو روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی کا مجرم قرار دے دیا!

اقوام متحدہ کی اعلیٰ ترین عدالت عالمی عدالتِ انصاف (آئی سی جے) نے انسانی حقوق اور عالمی انصاف کی تاریخ میں ایک نیا باب رقم کرتے ہوئے میانمار کو روہنگیا مسلم اقلیت کی ریاستی سرپرستی میں کی جانے والی ’نسل کشی‘ کا باضابطہ ذمہ دار قرار دے دیا ہے۔ 

مسلم اکثریتی ملک گیمبیا کی جانب سے دائر کیے گئے مقدمے کے سات سال بعد آنے والے اس ناقابلِ اپیل فیصلے میں تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی پوری ریاست کو نسل کشی کا مرتکب ٹھہرایا گیا ہے، جبکہ میانمار کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ روہنگیا متاثرین کو اس بدترین بربریت کا معاوضہ ادا کرے۔

عالمی عدالت انصاف کے 15 ججوں پر مشتمل پینل نے 2017 میں میانمار کی سیکیورٹی فورسز کی جانب سے روہنگیا مسلمانوں کے خلاف کی جانے والی وحشیانہ کارروائیوں پر اپنا تاریخی اور حتمی فیصلہ سنا دیا ہے۔

نازی ہولوکاسٹ کے بعد یہ محض چوتھا موقع ہے جب عالمی عدالت نے نسل کشی ثابت کرنے کے سخت قانونی معیار کو پورا قرار دیا ہےتاہم عالمی قانونی تاریخ میں یہ پہلا واقعہ ہے کہ کسی انفرادی شخصیت کے بجائے ایک پوری ریاست کو نسل کشی کا مجرم قرار دیا گیا ہو۔

عدالتی کمرے میں فیصلہ پڑھ کر سناتے ہوئے پریزائیڈنگ جج یوجی ایواساوا نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ عدالت اس نتیجے پر پہنچی ہے کہ میانمار کی سیکیورٹی فورسز نے ہزاروں نہتے روہنگیا شہریوں کا قتل عام کیا۔

 خواتین کے خلاف بڑے پیمانے پر جنسی تشدد کا ارتکاب کیا، معصوم بچوں پر انتہائی وحشیانہ مظالم ڈھائے اور اپنی جانیں بچا کر بھاگنے والے پناہ گزینوں پر بھی حملے کیے۔

15 رکنی بینچ نے اپنے فیصلے میں واضح کیا کہ جمہوریہ یونین آف میانمار نے شمالی ریاست راکھائن میں روہنگیا گروہ کے خلاف نسل کشی کا ارتکاب کیا ہے۔

 عدالتی جائزے کے مطابق میانمار کی فوج نے نام نہاد کلیئرنس آپریشنز کے دوران مردوں اور لڑکوں کو اجتماعی طور پر قتل کیا۔

روہنگیا خواتین کے ساتھ منظم زیادتی و جنسی تشدد کیا اور سینکڑوں دیہات کو جلا کر یا مسمار کر کے صفحۂ ہستی سے مٹانے کی کوشش کی۔

ججوں نے قرار دیا کہ میانمار کی فوج نے روہنگیا آبادی کو نشانہ بنانے کے لیے باقاعدہ نفرت انگیز تقاریر اور منظم پروپیگنڈے کا سہارا بھی لیا۔

بینچ نے قرار دیا کہ میانمار کے ان اقدامات کی واحد معقول وجہ یہی نظر آتی ہے کہ اس کا مقصد شمالی ریاست راکھائن میں روہنگیا آبادی جیسے محفوظ گروہ کے ایک بڑے حصے کو تباہ و برباد کرنا تھا جو بین الاقوامی قانون کے تحت نسل کشی کی تعریف پر پورا اترتا ہے۔

عدالت نے واضح کیا کہ یہ فیصلہ حتمی ہے اور اس کے خلاف کسی قسم کی اپیل دائر نہیں کی جا سکتی۔

گیمبیا کے لیے اس غیر معمولی قانونی فتح کے نتیجے میں میانمار کی ریاست کو اس فوجی کارروائی کا ذمہ دار ٹھہرایا گیا ہے جس نے کم از کم 7 لاکھ روہنگیا مسلمانوں کو بدھ مت اکثریتی ملک سے ہجرت کرنے پر مجبور کیا۔

یاد رہے کہ ستمبر 2017 میں خلیج بنگال کے پرخطر راستے سے کشتیوں کے ذریعے سرحد عبور کر کے بنگلہ دیش کے علاقے شاہ پوریر دویپ پہنچنے والے لٹے پٹے پناہ گزینوں کے عقب میں میانمار کے دیہات سے اٹھتا ہوا سیاہ دھواں اس ریاستی جبر کی زندہ گواہی تھا۔

یہ بھی پڑھیں : حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی اور انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے، طارق فضل چوہدری کا بڑا انکشاف!

عالمی عدالت نے اپنے حکم میں قرار دیا ہے کہ میانمار پر یہ قانونی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ ان سنگین خلاف ورزیوں پر روہنگیا متاثرین کو معاوضہ ادا کرے جس کی مالیت اور طریقہ کار کا تعین بعد میں کیا جائے گا۔

دوسری جانب میانمار کی حکومت نے اس عالمی فیصلے پر تبصرہ کرنے کی درخواست کا فوری طور پر کوئی جواب نہیں دیا۔

Scroll to Top