خیبرپختونخوا میں 49 لاکھ سے زائد بچوں کے اسکولوں سے باہر ہونے کا معاملہ پشاور ہائیکورٹ پہنچ گیا جہاں بچوں کو مفت اور لازمی تعلیم کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے رٹ پٹیشن دائر کردی گئی ہے۔
اسلامی جمعیت طلبہ کے صوبائی ناظم محمد اسفند یار شیخ نے فقیر اللہ اعوان ایڈووکیٹ کے توسط سے درخواست دائر کی، جس میں وفاقی و صوبائی حکومتوں سمیت متعلقہ تعلیمی محکموں کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست کے مطابق مردم شماری 2023 کے اعداد و شمار میں انکشاف ہوا ہے کہ خیبرپختونخوا میں 37.49 فیصد بچے اسکولوں سے باہر ہیں، جن میں 29 لاکھ 24 ہزار لڑکیاں اور 19 لاکھ 99 ہزار لڑکے شامل ہیں۔
پٹیشن میں بتایا گیا ہے کہ صوبے کے 42 لاکھ 59 ہزار سے زائد بچوں نے کبھی اسکول میں داخلہ ہی نہیں لیا جبکہ 6 لاکھ 64 ہزار 831 بچے داخلے کے بعد تعلیم ادھوری چھوڑ چکے ہیں۔
درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ کوہستان، تورغر اور سابق فاٹا کے اضلاع میں اسکولوں سے باہر بچوں کی شرح زیادہ ہے، جو بچوں کے بنیادی حقِ تعلیم سے متعلق سنگین صورتحال کی عکاسی کرتی ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ آئین پاکستان کے آرٹیکل 25 اے کے تحت 5 سے 16 سال تک کے بچوں کو مفت اور لازمی تعلیم فراہم کرنا ریاست کی آئینی ذمہ داری ہے۔
پٹیشن میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ اسکولوں سے باہر بچوں کو تعلیمی اداروں میں داخل کرنے اور تعلیم ادھوری چھوڑنے والے بچوں کی دوبارہ بحالی کے لیے مقررہ مدت پر مشتمل صوبائی ایکشن پلان نافذ کرنے کا حکم دیا جائے۔
درخواست گزار نے غیر فعال اسکولوں کی بحالی، اساتذہ کی خالی آسامیوں پر بھرتیوں اور تعلیمی اداروں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کی بھی استدعا کی ہے۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ تعلیمی بجٹ کے شفاف استعمال کو یقینی بنایا جائے اور متعلقہ حکام کو پیش رفت سے متعلق تعمیلی رپورٹس عدالت میں جمع کرانے کا پابند کیا جائے۔





