لکی مروت کے تھانہ براگی کی حدود میں پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردی کی بڑی کوشش ناکام بنا دی۔
پولیس امن کمیٹی کے جانبازوں کو اطلاع ملتے ہی تمام داخلی وخارجی راستوں کی ناکہ بندیاں کردیں، ڈی پی او لکی مروت سجاد احمد صاحبزادہ کی قیادت میں پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ کی طرف روانہ کی گئی۔
کارروائی کے دوران بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے کے لیے تیار بارودی مواد سے بھری مزدہ گاڑی برآمد کرلی گئی، جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک خودکش حملہ آور ہلاک ہوگیا۔ گاڑی میں موجود ڈرمز میں بھاری مقدار میں دھماکہ خیز مواد موجود ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق لکی مروت پولیس کو کچھ عرصے سے اطلاعات موصول ہورہی تھیں کہ دہشتگردوں نے مزدہ گاڑی کے ذریعے بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے کے لیے دیسی ساختہ دھماکہ خیز ڈیوائس (آئی ای ڈی) تیار کر رکھی ہے۔
پولیس نے علاقے میں آپریشنز کا سلسلہ مزید تیز کرنے کے ساتھ ساتھ گشت اور مختلف مقامات پر چیک پوسٹوں کی تعداد بھی بڑھا دی تھی۔
تھانہ براگی کی حدود میں مذکورہ مشتبہ گاڑی کی نشاندہی ہونے پر مقامی پولیس نے فوری کارروائی کی، پولیس کی جارحانہ کارروائی کے نتیجے میں فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک مبینہ خودکش حملہ آور ہلاک ہوگیا، جبکہ بارودی مواد سے بھری مزدہ گاڑی قبضے میں لے لی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا میرانشاہ شمالی وزیرستان کا دورہ، شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا، آئی ایس پی آر
ہلاک ہونے والے مبینہ خودکش حملہ آور کے افغان شہری ہونے کا شبہ ظاہر کیا جارہا ہے، تاہم اس کی شناخت اور دیگر کوائف کی تصدیق کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔





