عباس خان
ضلع باجوڑ کی تحصیل خار کے علاقے ناوی ڈنڈ علیزو فلنگ میں تبلیغی مرکز کی چھت اچانک گرنے کے باعث 2 افراد جاں بحق جبکہ 5 زخمی ہو گئےجنہیں ریسکیو اہلکاروں نے ملبے سے نکال کر فوری طور پر اسپتال پہنچا دیا ہے۔
ترجمان ریسکیو 1122 باجوڑ ریاض خان کے مطابق تبلیغی مرکز کی چھت گرنے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں ہنگامی بنیادوں پر موقع پر پہنچ گئیں جہاں 7 افراد ملبے تلے دبے ہوئے تھے۔ ریسکیو اہلکاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تمام متاثرہ افراد کو ملبے کے نیچے سے بحفاظت نکال لیا۔
حادثے میں دو افراد جانبر نہ ہو سکے جبکہ پانچ زخمیوں کو موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال خار منتقل کر دیا گیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں خار کے رہائشی دوست علی اور ڈاگ علیزو سے تعلق رکھنے والے محمد ولد ماشی خان شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان بلائنڈ ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ کا نیا چیمپئن بن گیا
دوسری جانب زخمی ہونے والے پانچ افراد کی شناخت علیزو کے رہائشی منصور ولد محمد، شموزو کے رہائشی یونس ولد بدر منیر، خار کے رہائشی نور علی جان ولد بخت یار، اور علیزو سے تعلق رکھنے والے ریحان اللہ و مروان خان کے ناموں سے کی گئی ہے۔





