معدنی وسائل کی ترقی سبوتاژ کرنے کی بھارتی سازش بے نقاب، دفتر خارجہ نے اقوام متحدہ میں بھارتی الزامات کو ردی کی ٹوکری میں ڈال دیا

اسلام آباد: پاکستان نے اقوام متحدہ میں بھارت کے غیر سفارتی، غیر ذمہ دارانہ اور بے بنیاد ریمارکس کو دوٹوک الفاظ میں مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پاکستانی نمائندے نے اسی اجلاس کے دوران بھارتی الزامات کا فوری اور مؤثر جواب دے کر ان کا بھرم توڑ دیا۔

 20 نومبر 2026 کو جاری کردہ دفتر خارجہ کے تفصیلی بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارت کے یہ ریمارکس اقوام متحدہ کے چارٹر کے منافی اور پاکستان کے اندرونی معاملات میں ناقابلِ قبول مداخلت ہیں۔

دفتر خارجہ کے مطابق بھارت نے آبی دہشت گردی سے متعلق پاکستان کے جائز خدشات پر بات کرنے کے بجائے پاکستانی اداروں اور قیادت کے خلاف بے بنیاد الزامات لگائے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے معدنی وسائل کی ترقی کے خلاف بھارت کی دشمنی کھل کر سامنے آ چکی ہے اور بھارت مسلسل پاکستان کے استحکام کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہا ہے۔

دفتر خارجہ نے زور دیا کہ پاکستان کے پاس بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کی بھارتی سرپرستی اور معاونت کے شواہد موجود ہیں، جس کا مقصد ترقیاتی عمل کو روکنا اور مقامی آبادی کو اپنے قدرتی وسائل کے فوائد سے محروم رکھنا ہے۔

سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے دفتر خارجہ نے کہا کہ حقائق خود بولتے ہیں اور معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل رکھنا غیر قانونی اقدام ہے۔

بیان میں یاد دلایا گیا کہ 31 اگست 2026 کو معاہدے کے تحت قائم ثالثی عدالت نے متفقہ فیصلہ دیا تھا کہ سندھ طاس معاہدہ مکمل طور پر نافذ العمل اور پابند ہے، اور اس کی یکطرفہ معطلی یا خاتمے کی کوئی قانونی بنیاد نہیں ہے۔ ثالثی عدالت کے فیصلے سے بھارت کا انکار اس کی معاہداتی ذمہ داریوں اور بین الاقوامی قوانین سے وابستگی پر سنگین سوالات اٹھاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : انڈیا میں دہشت گردی کے سوال پر مصدق ملک کا کرارا جواب، سائلوں کی بولتی بند، دلائل نے مخالف بیانیہ پاش پاش کر دیا

دفتر خارجہ کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ بھارت اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم کو جھوٹ اور گمراہ کن معلومات پھیلانے کے لیے استعمال کر رہا ہے۔ بھارت کو مشورہ دیا گیا کہ وہ اقوام متحدہ میں جھوٹ پھیلانے کے بجائے جموں و کشمیر سے متعلق سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل کرے، جہاں بھارتی قابض افواج کئی دہائیوں سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہی ہیں۔

بیان کے مطابق بھارت ہندوتوا سے متاثر انتہا پسندی اور فاشسٹ طرزِ حکمرانی کی جانب بڑھ رہا ہے جہاں مذہبی بنیاد پرست حکومت برسرِ اقتدار ہے، جبکہ بھارتی الزامات اور حقائق کو مسخ کرنے کی کوششیں اپنی عالمی تنہائی چھپانے اور اندرونی صورتحال و مشترکہ آبی وسائل کو بطور ہتھیار استعمال کرنے سے توجہ ہٹانے کی ناکام کوشش ہیں۔

دفتر خارجہ نے کہا کہ جو ریاست اقوام متحدہ کے چارٹر، سلامتی کونسل کی قراردادوں، ہمسایہ ممالک کی خودمختاری اور بین الاقوامی معاہدوں کی مسلسل خلاف ورزی کرتی ہو، مسلمان، سکھ، مسیحی اور دلت اقلیتوں کے خلاف منظم امتیازی سلوک کی سرپرستی کرتی ہو۔

گمراہ کن معلومات اور دہشت گردی کو ریاستی پالیسی کے آلے کے طور پر استعمال کرتی ہو اور ایک متنازع علاقے پر جبری قبضہ برقرار رکھ کر کشمیری عوام کو حق خودارادیت سے محروم رکھتی ہو، اسے دوسروں پر انگلیاں اٹھانے کا کوئی حق حاصل نہیں اور بھارت کو اپنا رویہ بدلنے کے لیے اندر جھانکنا چاہیے۔

Scroll to Top