نیویارک: دنیا بھر میں ویڈیو گیمز کے شوقین افراد جس شاہکار گیم ’گرینڈ تھیفٹ آٹو 6‘ (GTA 6) کا برسوں سے بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں، اس کی ریلیز کے حوالے سے کمپیوٹر (پی سی) گیمرز کے لیے ایک مایوس کن خبر سامنے آ گئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق پی سی پر گیم کھیلنے کے شوقین صارفین کو اس گیم کا تجربہ کرنے کے لیے ابھی مزید انتظار کرنا پڑے گا۔
راک اسٹار گیمز کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق جی ٹی اے 6 ابتدائی طور پر رواں برس 19 نومبر 2026 کو صرف کنسولز یعنی پلے اسٹیشن 5 اور ایکس باکس سیریز ایکس اور ایس کے لیے ریلیز کی جا رہی ہے۔ کمپنی کے اس اعلان سے واضح ہو گیا ہے کہ گیم کی پہلی اور مرکزی ریلیز میں پی سی صارفین شامل نہیں ہوں گے، جبکہ راک اسٹار نے تاحال پی سی ورژن کی لانچنگ کے حوالے سے کوئی باضابطہ تاریخ بھی نہیں دی۔
دوسری جانب معروف گیمنگ ویب سائٹ ’گیمز بیٹ‘ نے صنعتی ذرائع کے حوالے سے اپنی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ جی ٹی اے 6 کا پی سی ورژن آئندہ سال یعنی 2027 کی پہلی سہ ماہی میں متعارف کرایا جا سکتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ معلومات ان باخبر حلقوں سے حاصل ہوئی ہیں جو راک اسٹار گیمز کے آئندہ منصوبوں سے واقف ہیں، تاہم کمپنی کی جانب سے اس ممکنہ تاریخ کی ابھی تک باقاعدہ تصدیق نہیں کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت کے دور میں بھرتیوں اور نگرانی کے فقدان کا نتیجہ سامنے آ گیا، محکمہ صحت کے 1623 اہلکار ڈیوٹی سے غائب نکلے
گیمنگ انڈسٹری کے ماہرین کے مطابق راک اسٹار اور اس کی پیرنٹ کمپنی ٹیک ٹو انٹرایکٹو کی جانب سے پی سی ورژن کو مؤخر کرنے کے پیچھے اہم تکنیکی اور کاروباری عوامل کارفرما ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ پلے اسٹیشن اور ایکس باکس جیسے کنسولز کا ہارڈویئر ایک مخصوص اور یکساں ترتیب کا حامل ہوتا ہے، جس کی وجہ سے گیم کو ان پلیٹ فارمز کے لیے بہتر بنانا نسبتاً آسان ہوتا ہے۔
اس کے برعکس دنیا بھر میں پی سی صارفین کے پاس مختلف اقسام کے پروسیسرز، گرافکس کارڈز اور میموری کنفیگریشنز موجود ہوتی ہیں، لہٰذا ہر قسم کے کمپیوٹر سسٹم پر گیم کو بغیر کسی فنی خرابی کے چلانے کے لیے اضافی وقت اور محنت درکار ہوتی ہے۔
تکنیکی پہلوؤں کے علاوہ اسے کمپنی کی کاروباری حکمت عملی کا حصہ بھی قرار دیا جا رہا ہے، جس کے تحت پہلے کنسولز پر گیم ریلیز کر کے ابتدائی فروخت کے ریکارڈ قائم کیے جاتے ہیں اور بعد ازاں پی سی ورژن لا کر مارکیٹ سے دوبارہ بڑا منافع سمیٹا جاتا ہے۔
تاہم تاخیر کی خبروں کے باوجود پی سی گیمرز کا جوش و خروش برقرار ہے؛ معروف پلیٹ فارم ’پی سی گیمر‘ کے ایک حالیہ سروے میں 39 فیصد شرکاء نے واضح کیا ہے کہ وہ کنسول خریدنے کے بجائے گیم کے پی سی ورژن کی آمد کا ہی انتظار کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں : پشاور کے نوجوان نے انسانیت کی نئی مثال قائم کر دی، اپنے ولیمے میں رشتہ داروں کے بجائے یتیم بچوں، بزرگوں اور خصوصی افراد کو مدعو کر لیا
اس معاملے پر راک اسٹار گیمز کے سابق پروڈیوسر جان ریکیو نے بھی یوٹیوبر ’کی وی ٹالکز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے اہم تکنیکی نکتہ اٹھایا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلے کنسولز کے لیے گیم تیار کرنا اور بعد میں اسے پی سی کے وسیع و عریض ہارڈویئر کے مطابق ڈھالنا زیادہ عملی اور آسان طریقہ ہے۔
جان ریکیو کے مطابق محدود اور طے شدہ تکنیکی ماحول سے آغاز کرنے کے بعد گیم میں بہتری لانا آسان رہتا ہے، جبکہ اس کے برعکس پہلے پی سی کے لیے بھاری گیم تیار کر کے بعد میں اسے کنسولز کی محدود صلاحیتوں کے مطابق ڈھالنا انتہائی پیچیدہ عمل بن جاتا ہے۔
فی الحال جی ٹی اے 6 کے پی سی ورژن کی 2027 میں متوقع آمد کا انحصار گیمنگ انڈسٹری کی رپورٹس پر ہے اور راک اسٹار گیمز کی جانب سے حتمی اعلان سامنے آنے تک کمپیوٹر گیمرز کو اس مقبول ترین گیم کے لیے انتظار کی گھڑیاں گننا ہوں گی۔





