پشاور: خیبر پختونخوا میں گورنر راج کے نفاذ کے بعد صوبائی انتظامیہ اور نئی صوبائی حکومت کی جانب سے عوامی سہولیات کی بہتری کے لیے مختلف اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق بدلتا، نکھرتا، مضبوط خیبر پختونخوا کے وژن کے تحت صفائی ستھرائی، صحت اور تعلیم کے شعبوں میں نظام کو مؤثر بنانے اور شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق ضلع ٹانک میں انتظامیہ کی جانب سے مختلف علاقوں میں صفائی مہم چلائی گئی، جس کے دوران بازاروں، سڑکوں اور عوامی مقامات سے کوڑا کرکٹ اٹھا کر صفائی کے امور مکمل کیے گئے۔
اس کے ساتھ ہی ضلعی انتظامیہ نے طبی مراکز اور تعلیمی اداروں کا معائنہ بھی کیا، جہاں مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، ادویات کی دستیابی اور اسکولوں کے تعلیمی ماحول کا جائزہ لیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : پی ٹی آئی کا ایک اور اسکینڈل بے نقاب، کوہاٹ کان کنی میں فرنٹ مین کے ذریعے 5 لاکھ فی کس ٹوکن وصولی کا انکشاف
انتظامیہ کے مطابق ان اقدامات کا مقصد ٹانک میں صفائی، صحت اور تعلیم کے نظام کو مضبوط بناتے ہوئے مقامی آبادی کو براہِ راست فائدہ پہنچانا ہے۔
دوسری جانب قبائلی اضلاع میں صحت کی سہولیات کو وسعت دینے کے لیے بھی پیش رفت سامنے آئی ہے۔ حکومتی ذرائع کے مطابق بدلتا، نکھرتا، مضبوط خیبر پختونخوا کے تحت ضلع خیبر کے علاقے مستک میں کمیونٹی ہیلتھ سینٹر کو فعال کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس کمیونٹی ہیلتھ سینٹر میں مریضوں کے علاج معالجے اور طبی عملے کے لیے بنیادی سہولیات فراہم کر دی گئی ہیں۔
اس مرکز کے فعال ہونے سے مستک اور پائندہ چینہ کے تقریباً 20 ہزار افراد کو قریبی سطح پر طبی سہولیات میسر آ سکیں گی، جس سے مقامی آبادی کو معمولی بیماریوں یا علاج کے لیے دور دراز کے شہروں میں جانے کی زحمت سے نجات ملے گی۔
حکومت کے مطابق گورنر راج کے نفاذ کے بعد شروع کیے گئے یہ اقدامات صوبے کے مختلف علاقوں میں خدمات کی فراہمی کے نظام کو بہتر بنانے اور عوام کو ریلیف پہنچانے کی سمت میں اہم پیش رفت قرار دیے جا رہے ہیں۔





