گزشتہ 40 روز سے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری، پشاور کے قریب انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن میں بھی دہشت گرد مارے گئے، گورنر فیصل کریم کنڈی

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ ہماری اولین ترجیح ہے اور اس جنگ میں شکست کا کوئی آپشن نہیں، دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے سکیورٹی فورسز کے ساتھ مل کر کارروائیاں جاری رکھیں گے۔

پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ گزشتہ 40 روز سے دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، پشاور کے قریب انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران بھی دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس، فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) اور پاک فوج کے ساتھ مل کر کامیابی حاصل کریں گے۔ یہ جنگ صرف سکیورٹی فورسز کی نہیں بلکہ پوری قوم کی جنگ ہے اور عوام کے تعاون سے دہشت گردی کو شکست دیں گے۔

گورنر خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ صوبے میں دہشت گردی کے خلاف آپریشنز کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا، جبکہ امن و امان کے قیام کے ساتھ صوبے میں خوشحالی کا سفر بھی شروع کریں گے۔

فیصل کریم کنڈی نے سیاسی رویوں پر بات کرتے ہوئے کہا کہ گالم گلوچ ان کی پارٹی کی تربیت نہیں، سیاست میں اختلاف رائے ہونا چاہیے، تاہم ایک دوسرے کے احترام اور شائستگی کو ملحوظ خاطر رکھنا ضروری ہے۔

Scroll to Top