نیشنل جونیئر اسکواش چیمپئن شپ 2026ء میں خیبرپختونخوا کے محمد فواد خان نے دوسری پوزیشن حاصل کر لی!

کراچی میں منعقد ہونے والی پانچویں شوگر ملز نیشنل جونیئر اسکواش چیمپئن شپ 2026ء کے دوران خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے والے نوجوان کھلاڑی محمد فواد خان نے غیر معمولی مہارت اور مستقل مزاجی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چیمپئن شپ میں دوسری پوزیشن حاصل کی۔

مقابلوں کے دوران محمد فواد خان نے پہلے ہی راؤنڈ سے جارحانہ اور پراعتماد کھیل پیش کیا اور افتتاحی میچ میں سندھ کے سید طارق شاہ کو باآسانی 3-0 سے شکست دے کر اگلے مرحلے میں قدم رکھا۔

دوسرے راؤنڈ میں ان کا مقابلہ خیبرپختونخوا ہی کے کھلاڑی سید عباس سے ہوا جہاں محمد فواد خان نے اپنی برتری برقرار رکھتے ہوئے انہیں بھی 3-0 سے ہرا کر کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

کوارٹر فائنل مرحلے میں محمد فواد خان نے سندھ کے ناصر شاہ کو شکست دی جبکہ سیمی فائنل میں عزیز علی ناز کے خلاف شاندار کامیابی سمیٹ کر فائنل تک رسائی حاصل کی۔

فیصلہ کن فائنل مقابلے میں ان کا سامنا سندھ کے کھلاڑی راحیل وکٹر سے ہوا جہاں سخت مقابلے کے بعد انہیں 3-0 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا اور یوں وہ چیمپئن شپ کے رنر اپ قرار پائے۔

اپنی اس نمایاں کامیابی پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے محمد فواد خان نے اس اعزاز کو اپنے کوچ طاہر اقبال کی بہترین تربیت اور انتھک محنت کا نتیجہ قرار دیا جبکہ اپنے والد سلام گل کا بھی خصوصی شکریہ ادا کیا جنہوں نے ہر مشکل مرحلے پر ان کی حوصلہ افزائی اور بھرپور معاونت کی۔

یہ بھی پڑھیں : وفاقی بیوروکریسی میں اچانک بڑی اکھاڑ پچھاڑ،اہم ترین عہدوں پر نئے افسران تعینات

اس کے علاوہ انہوں نے ڈائریکٹر جنرل اسپورٹس، صوبائی وزیر کھیل خیبرپختونخوا، خیبرپختونخوا اسکواش ایسوسی ایشن، پاکستان اسکواش فیڈریشن، مارخور اور بارڈ فاؤنڈیشن کا بھی تعاون فراہم کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

کھیلوں کے حلقوں اور شہریوں نے محمد فواد خان کی اس شاندار کارکردگی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کی سرزمین اسکواش کے عالمی چیمپئنز پیدا کرنے کے حوالے سے جانی جاتی ہے اور نئے ٹیلنٹ کا سامنے آنا ملک کے روشن مستقبل کی علامت ہے۔

Scroll to Top