پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے بڑھتے ہوئے عالمی وقار اور پاکستان میں کرکٹ کے پرامن و سازگار ماحول کی بدولت دنیا کے صفِ اول کے کرکٹرز کی پاکستانی لیگ میں شمولیت کا سلسلہ جاری ہے جس کی تازہ کڑی کے طور پر کراچی کنگز نے ایچ بی ایل پی ایس ایل کے 12ویں سیزن کے لیے انگلینڈ کے عالمی شہرت یافتہ لیگ اسپنر عادل رشید کو براہِ راست سائن کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
دورِ حاضر کے بہترین وائٹ بال اسپنرز میں شمار ہونے والے عادل رشید اپنے وسیع بین الاقوامی تجربے، شاندار ریکارڈ اور تنہا میچ کا پانسہ پلٹ دینے کی غیر معمولی صلاحیت کے ساتھ 2027 کے سیزن میں کراچی کنگز کے اسکواڈ کا حصہ بنیں گے۔
فرنچائز کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق ایک دہائی سے زائد عرصے تک انگلینڈ کی وائٹ بال کرکٹ ٹیم کا کلیدی ستون رہنے والے عادل رشید نے جدید کرکٹ کے کامیاب ترین لیگ اسپنرز میں اپنی منفرد شناخت قائم کی ہے۔
گیند میں غیر معمولی ورائٹیز، شاندار کنٹرول، پچ سے ٹرن حاصل کرنے کی مہارت اور میچ کے نازک لمحات میں حریف ٹیم کی جمی ہوئی شراکتیں توڑنے کی صلاحیت کے باعث وہ دنیا کے صفِ اول کے بلے بازوں کے خلاف مسلسل متاثر کن کارکردگی کا مظاہرہ کرتے آئے ہیں۔
عادل رشید کا شاندار بین الاقوامی کیریئر ان کی غیر معمولی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
انگلینڈ کی نمائندگی کرتے ہوئے 330 سے زائد بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت کرنے والے لیگ اسپنر ٹیسٹ، ون ڈے انٹرنیشنل اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل فارمیٹس میں مجموعی طور پر 470 سے زائد وکٹیں اپنے نام کر چکے ہیں۔
ان کے ریکارڈ میں 244 ون ڈے اور 172 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل وکٹیں شامل ہیں جس کے بدولت وہ انگلینڈ کی تاریخ میں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر جبکہ ون ڈے کرکٹ میں اپنے ملک کے دوسرے کامیاب ترین بولر کا اعزاز رکھتے ہیں۔
مزید برآں عادل رشید انگلینڈ کے پہلے مرد اسپنر بھی ہیں جنہوں نے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں 200 وکٹوں کا سنگِ میل عبور کر کے انگلش کرکٹ کی تاریخ میں اپنا نام سنہری حروف سے درج کرایا۔
ان کے اعزازات اور کامیابیوں کی فہرست بھی ان کے تابناک کیریئر کی عکاسی کرتی ہے۔
عادل رشید 2019 میں انگلینڈ کی تاریخی آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ فتح اور 2022 میں آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنے والی فاتح ٹیم کا اہم حصہ رہے۔
ڈومیسٹک کرکٹ میں بھی انہوں نے یارکشائر کی نمائندگی کرتے ہوئے 2014 اور 2015 میں مسلسل دو مرتبہ کاؤنٹی چیمپئن شپ ٹائٹلز جیتنے میں کلیدی کردار ادا کیا جبکہ کرکٹ کے میدان میں ان کی گراں قدر خدمات کے اعتراف میں 2023 میں انہیں برطانیہ کے باوقار اعزاز ایم بی ای (MBE) سے بھی نوازا گیا۔
اس اہم سائننگ پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال نے کہا کہ عادل رشید بلاشبہ ایک عالمی معیار کے کرکٹر ہیں اور ان کی کامیابیاں اور وسیع تجربہ خود ان کی صلاحیتوں کا ثبوت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عادل رشید بین الاقوامی کرکٹ کے بہترین لیگ اسپنرز میں سے ایک ہیں جنہوں نے انگلینڈ کی متعدد بڑی فتوحات میں مرکزی کردار ادا کیا ہے اور ہمیں انہیں کراچی کنگز فیملی کا حصہ بناتے ہوئے بے حد خوشی محسوس ہو رہی ہے۔
سلمان اقبال کے مطابق عادل رشید کا تجربہ، مہارت اور جیتنے کا جذبہ ٹیم کے لیے انتہائی قیمتی ثابت ہوگا اور فرنچائز ایچ بی ایل پی ایس ایل 12 میں انہیں کنگز کی جرسی میں ایکشن میں دیکھنے کی منتظر ہے۔
یہ بھی پڑھیں : شدید دھند کا راج ، موٹروے کے مختلف حصے ٹریفک کے لئے بند ، مسافر وںکے لئے اہم ہدایات جاری!
مبصرین کے مطابق عادل رشید کی شمولیت سے کراچی کنگز کے باؤلنگ اٹیک کو بین الاقوامی سطح پر میچ وننگ کارکردگی دکھانے والے ایک مستند اور تجربہ کار اسپنر کی خدمات حاصل ہو جائیں گی جبکہ فرنچائز 2027 کے سیزن کے لیے ایک متوازن اور مضبوط اسکواڈ کی تشکیل کا عمل تیزی سے جاری رکھے ہوئے ہے۔
لیگ اسپن پر غیر معمولی عبور، دنیا بھر کی معروف ٹی ٹوئنٹی لیگز اور بین الاقوامی مقابلوں کے وسیع تجربے اور بڑے ایونٹس میں شاندار کارکردگی دکھانے کے ریکارڈ کے ساتھ عادل رشید کی آمد ایچ بی ایل پی ایس ایل 12 میں کراچی کنگز کے عزائم اور ٹائٹل جیتنے کی مہم کو نئی تقویت بخشے گی۔





