خیبرپختونخوا کے ضلع تورغر میں ٹریفک حادثے کے نتیجے میں خاتون سمیت 8 افراد جاں بحق اور 7 زخمی ہوگئے، زخمیوں میں تین خواتین اور ایک بچہ بھی شامل ہیں، جبکہ 3 زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ شاہ تل سے جدباء جانے والی مسافر ڈاٹسن کو گیگانی کنڈاؤ کے مقام پر پیش آیا، جہاں بریک فیل ہونے کے باعث گاڑی بے قابو ہوکر الٹ گئی۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کرتے ہوئے زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد اسپتال منتقل کر دیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں مولانا سمیع اللہ، سخیم اللہ، ڈرائیور حکیم خان اور کریم بھی شامل ہیں، جبکہ دیگر جاں بحق افراد کی شناخت سے متعلق تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔
یہ بھی پڑھیں : معاشی استحکام سے پائیدار ترقی کا سفر رکنے والا نہیں، وزیراعظم شہباز شریف کا وزراء اور صوبائی حکومتوں کو سخت پیغام، بیان بازی فوراً بند ہو
دوسری جانب مشیر برائے اطلاعات و تعلقاتِ عامہ، ریلیف، بحالی و آبادکاری ثمر ہارون بلور نے تورغر میں پیش آنے والے ٹریفک حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
ثمر ہارون بلور نے حادثے میں ایک خاتون سمیت 8 افراد کے جاں بحق ہونے پر لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع انتہائی افسوسناک ہے۔
انہوں نے ریسکیو 1122 کی بروقت امدادی کارروائیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں اور علاج معالجے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
مشیر اطلاعات نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ سے جاں بحق افراد کی مغفرت اور لواحقین کو صبر جمیل عطا کرنے کی دعا بھی کی۔
واضح رہے کہ ضلع تورغر دشوار گزار پہاڑی علاقوں پر مشتمل ہے، جہاں بیشتر رابطہ سڑکیں تنگ اور بل کھاتی ہوئی گہری کھائیوں کے درمیان سے گزرتی ہیں، جس کے باعث ان راستوں پر ٹریفک حادثات کا خدشہ زیادہ رہتا ہے۔





