طلبہ کی بڑی مشکل آسان ہوگئی ،حکومت کا تعلیمی اسناد کے حوالے سے بڑا اعلان

پشاور: انٹر بورڈز کوآرڈی نیشن کمیشن (آئی بی سی سی) نے یکم جنوری 2027 سے تعلیمی اسناد کی تصدیق کا مکمل آن لائن نظام متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت ملک بھر کے 29 امتحانی بورڈز کے طلبہ گھر بیٹھے اپنی تعلیمی اسناد کی تصدیق کرا سکیں گے۔

یہ فیصلہ آئی بی سی سی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں کیا گیا جس کی صدارت ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر غلام علی ملاح نے کی۔

نئے نظام کے تحت طلبہ آئی بی سی سی کے آن لائن پورٹل پر درخواست اور مطلوبہ دستاویزات جمع کرائیں گے۔ جانچ پڑتال اور منظوری کے بعد تصدیق شدہ اسناد درخواست گزار کے پورٹل اکاؤنٹ میں فراہم کر دی جائیں گی، جہاں سے وہ انہیں ڈاؤن لوڈ اور پرنٹ کر سکیں گے۔

نئی سہولت ملک بھر کے 29 امتحانی بورڈز کی جاری کردہ اسناد کے علاوہ دینی مدارس کی تصدیق کے لیے اہل اسناد پر بھی دستیاب ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستانیوں کی زندگی کی سب سے بڑی ترجیح کیا ہے؟سروے رپورٹ کے حیران کن نتائج

اس نظام کے تحت دستاویزات بذریعہ کورئیر بھیجنے کی ضرورت ختم ہو جائے گی جبکہ طلبہ تصدیق شدہ اسناد کی ضرورت کے مطابق متعدد نقول پرنٹ کر سکیں گے جن کے لیے اضافی تصدیقی فیس بھی ادا نہیں کرنا ہوگی۔

تصدیق شدہ اسناد جامعات اور وزارتِ خارجہ کی متعلقہ شرائط کے مطابق بیرونِ ملک بھی استعمال کی جا سکیں گی۔

Scroll to Top