کمشنر پشاور نے شہر میں بائیک رائیڈرز کو قانونی دائرے میں لانے اور ان کی سرگرمیوں کو باقاعدہ منظم کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو جامع ضابطہ کار اور تجاویز مرتب کرنے کی ہدایت جاری کردی ہے۔
کمشنر آفس سے جاری تفصیلات کے مطابق اس نئے نظام کے تحت بائیک رائیڈرز کے لیے مخصوص روٹس اور اوقات کار مقرر کیے جائیں گے جبکہ ان کی باقاعدہ رجسٹریشن کو لازمی قرار دینے کے ساتھ ایک واضح ضابطہ اخلاق بھی ترتیب دیا جائے گا۔
اس اقدام کا بنیادی مقصد شہر میں ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانا اور رائیڈرز کو قانونی تحفظ فراہم کرنا ہے۔
مزید برآں کمشنر پشاور نے بائیک رائیڈرز کی رجسٹریشن، نگرانی اور دیگر انتظامی امور کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے ایک علیحدہ موبائل ایپلی کیشن تیار کرنے کی بھی ہدایت کی ہے جس کے ذریعے تمام معاملات کو ڈیجیٹل انداز میں منظم کیا جا سکے گا۔
کمشنر آفس کا کہنا ہے کہ متعلقہ محکموں اور حکام سے بائیک رائیڈرز کو ریگولیٹ کرنے کے حوالے سے ایک ہفتے کے اندر حتمی تجاویز طلب کر لی گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : دوسری شادی کی ضد: مظفرگڑھ میں سنگ دل باپ نے اپنی دو معصوم بیٹیوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا!
انتظامی حکام نے واضح کیا ہے کہ اس فیصلے کا مقصد کسی بھی بائیک رائیڈر کو بے روزگار کرنا ہرگز نہیں ہے بلکہ انہیں باقاعدہ قانونی دائرے میں لا کر تحفظ فراہم کرنا اور ان کے روزگار کو منظم اور محفوظ بنانا ہے۔





