گزشتہ آئینی ترمیم کے سب سے بڑے بینیفشری صدر آصف زرداری تھے، انہیں تاحیات استثنیٰ ملا، وزیر دفاع خواجہ آصف

اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ گزشتہ آئینی ترمیم کے سب سے بڑے فائدہ اٹھانے والے صدر آصف علی زرداری تھے جنہیں تاحیات استثنیٰ دیا گیا، جبکہ اس حوالے سے زبردستی یا دھونس کے الزامات لگانا سیاسی بددیانتی ہے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ وہ خود گزشتہ آئینی ترمیم سے متعلق اجلاس میں شریک تھے اور یہ ترمیم صدر مملکت کی ذات کے گرد گھومتی تھی۔

 ان کے بقول جس ترمیم میں صدر کو ساری عمر کا استثنیٰ دیا گیا ہو، اس کے بارے میں یہ کہنا کہ اسے زبردستی منظور کرایا گیا، سراسر سیاسی بددیانتی ہے۔

انہوں نے سیاسی طرزِ عمل پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہر موقع پر ایسے معاملات میں بولی لگوانا شروع کر دینا مناسب نہیں کیونکہ اس سے سیاست پر دھبے لگتے ہیں اور غلط تاثر جاتا ہے۔

 خواجہ آصف نے مزید کہا کہ اگر کوئی طاقتور حلقوں کے قریب ہے تو اس کا یہ مطلب نہیں کہ دوسروں کو روند کر آگے نکل جائے؛ سیاسی تنقید ضرور کی جائے لیکن دھمکی آمیز زبان استعمال نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کسی کو یہ کہنا کہ میں بولوں گا تو تم منہ دکھانے کے قابل نہیں رہو گے سیاسی زبان نہیں بلکہ دھمکی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پارک ویو سٹی کی جائیدادوں اور تنازع پر پردہ ڈالنے کی کوشش ناکام، لاہور ہائیکورٹ کنوینشن میں نہ فضل الرحمٰن کو دعوت ملی نہ کوئی کارکن پہنچا

آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے وزیر دفاع نے امید ظاہر کی کہ جو بھی پیش رفت ہوگی وہ ملک کے مفاد میں ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ جس ایجنڈے پر کام جاری ہے اس پر کچھ لو اور کچھ دو کی بنیاد پر سمجھوتے اور راستے نکل سکتے ہیں، تاہم یہ کام ضرور مکمل ہوگا۔

گفتگو کے دوران خواجہ آصف نے رانا ثنا اللہ کی استقامت کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ماضی میں 26 سال قبل پیش آنے والے واقعات اور پی ٹی آئی کے دورِ حکومت میں قید و بند کی صعوبتوں کا جوانمردی سے سامنا کیا، ان کی جگہ کوئی اور ہوتا تو شاید ہمت ہار جاتا۔

 تاہم انہوں نے واضح کیا کہ وہ ماضی کے واقعات کا حوالہ دے رہے ہیں اور اس وقت کوئی مشکل یا آزمائش کی گھڑی درپیش نہیں ہے۔

نواز شریف کے کردار کا ذکر کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ وہ اس نوعیت کے معاملات میں شامل نہیں ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اول و آخر سیاسی کارکن ہیں، ان سے غلطیاں بھی ہو جاتی ہیں جن کی وہ قیمت ادا کرتے ہیں، لیکن وہ اپنی بات پر ڈٹے رہتے ہیں اور نتائج کا سامنا کرتے ہیں۔

Scroll to Top